لاک ڈاؤن میں نرمی سے معیشت کا پہیہ چلے گا فیصلے کا خیر مقدم

لاک ڈاؤن میں نرمی سے معیشت کا پہیہ چلے گا فیصلے کا خیر مقدم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد/لاہور/گوجرانوالہ(این این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کر کے کاروبار کھولنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے معیشت کا پہیہ چلے گا، حکومت کی طرف سے طے کئے جانے والے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا، عید الفطر کے پیش نظر ہفتے میں دو روز چھٹی کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے اور عید کی خریداری کے کاروبار کو استثنیٰ دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومتی فیصلے کے حوالے سے عہدیداروں سے ٹیلیفونک رابطوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ مسلسل لاک ڈاؤن کی وجہ سے تاجر طبقہ شدید مشکلات کا شکار تھا اور اس کی دوبارہ کاروبار شروع کرنے کی سکت ختم ہو رہی تھی۔ حکومت کے اس فیصلے سے تاجروں اور دکانوں پرکام کرنے والے عملے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ اس سے لاکھوں خاندانوں کو روزگار ملنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو یقین دلاتے ہیں کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ایس اوپیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاہم حکومت سے اپیل ہے کہ پولیس او ردیگر محکموں کو ایس او پیز پر عملدرآمد کی آڑ میں دکانداروں کو ہراساں کرنے سے سختی سے روکا جائے۔ پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹر ز ایسوسی ایشن نے بھی لاک ڈاؤن میں نرمی کر کے ہر طرح کا کاروبار کھولنے کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے معیشت کا پہیہ گھومے گا۔ حکومت سے اپیل ہے کہ مختلف شعبوں کیلئے اعلان کردہ ریلیف پیکج پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔پاکستان کیمیکل امپورٹرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین راؤ خورشید علی خان نے حکومت کے فیصلے پر تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کے پہیے کو گھمانے کے لئے یہ فیصلہ نا گزیر تھا۔معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے تمام شعبوں کو ایک دوسرے کی طاقت بننا ہوگا۔
انجمن تاجران

مزید :

علاقائی -