افغان کرکٹ ٹیم کو زور دار جھٹکا، اہم ترین کھلاڑی نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) افغانستان کے سٹار آل راونڈر محمد نبی نے آئندہ سال پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر آباد کہنے کا فیصلہ کر لیاہے ۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نصیب خان نے غیر ملکی سپورٹس ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں بتایا کہ محمد نبی چیمپئنز ٹرافی کے بعد اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کریں گے ۔
39 سالہ محمد نبی، جو 2019 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں تاہم اب ون ڈے انٹرنیشنل کو بھی خیر آباد کہنے کا فیصلہ کر چکے ہیں ۔نبی نے 2009 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا اور اس کے بعد سے 165 میچوں میں افغانستان کی نمائندگی کی، جس میں انہوں نے 3549 رنز بنائے اور 171 وکٹیں حاصل کیں۔
نصیب خان نے کرک بز کو بتایا، "جی ہاں، محمد نبی چیمپئنز ٹرافی کے بعد ون ڈے سے ریٹائر ہو رہے ہیں اور انہوں نے بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے چند ماہ پہلے بتایا کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد ون ڈے کیریئر ختم کرنا چاہتے ہیں اور ہم ان کے اس فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا، "چیمپئنز ٹرافی کے بعد، جیسا کہ میں سمجھتا ہوں، وہ ٹی ٹوئنٹی کیریئر جاری رکھیں گے، اور یہی ان کا موجودہ منصوبہ ہے۔"
محمد نبی اس وقت افغانستان کی اس ٹیم کا حصہ ہیں جو شارجہ میں بنگلہ دیش کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے۔
افغانستان نے سیریز کا پہلا میچ 92 رنز سے جیتا جس میں نبی نے 79 گیندوں پر 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ایک وکٹ بھی حاصل کی۔ دوسرا اور تیسرا ون ڈے میچ بالترتیب 9 اور 11 نومبر کو ہوگا۔