مریم نواز کا لاہور میں صفائی کے ناقص انتظامات پر اظہار برہمی

مریم نواز کا لاہور میں صفائی کے ناقص انتظامات پر اظہار برہمی
مریم نواز کا لاہور میں صفائی کے ناقص انتظامات پر اظہار برہمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی دارالحکومت لاہور کی سڑکوں، گلیوں اور بازاروں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، مریم نواز نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر عملدرآمد میں تاخیر پر ناپسندیدگی اور لاہور کی سڑکوں، گلیوں اور بازاروں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صفائی انتظامات میں بہتری کے لئے تین دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کو ازخود شہر کی سڑکوں کی مرمت کرنی چاہئے، سی ایم جہاں سے گزرے وہ سڑک بن جاتی ہے اور صفائی ہو جاتی ہے خود کیوں نہیں کرتے۔
مریم نواز نے کہا کہ مرکزی سڑکوں کا پیچ ورک ترجیحی بنیادوں پر پہلے کیا جائے، سڑک کے درمیان گڑھا پڑنے سے گاڑی گر جاتی ہے تو ذمہ دار کون ہوگا ؟ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر کوئی گڑھا نظر نہیں آنا چاہئے، ایل ڈی اے کے روڈ مینٹی ننس یونٹ کو فعال اور متحرک کیا جائے۔
دوران اجلاس لاہور کی 18 مارکیٹوں میں تجاوزات کے خاتمے کی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ غیر قانونی پارکنگ ختم کرکے فٹ پاتھ کلیئر کرائے جائیں ، تجاوزات کے خاتمے کی مہم میں تاجر برادری کو بھی اعتماد میں لیا جائے، فٹ پاتھ پر سامان ہٹایا جائے، ہر مارکیٹ میں موٹر بائیک کی پارکنگ کے لئے جگہ مختص کی جائے۔
دوران اجلاس وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں 213 مقامات پر موجود 2ہزار 598 مویشی شہری حدود سے باہر منتقل کئے جائینگے، لاہور میں مختلف مقامات پر جھونپڑ پٹیوں میں 1800سے زائد غیر قانونی لوگ آباد ہیں، دیواروں، پولز اور پلرز سے پوسٹرز اتارے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ انتظامیہ کو پہلے مرحلے میں فارمرز سے بات چیت کرکے رضا کارانہ طور پر مویشی نکالنے پر آمادہ کرنے کی ہدایت کردی۔