"گینگ آف کالا چورز"کا پارٹنر کارکنوں میں "مظلوم بچہ"بننے کی ناکام کوشش کررہا ہے: عظمیٰ بخاری
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ گنڈاپور کے فلاپ سکرپٹ اور من گھڑت کہانی پر یوتھیئے بھی یقین نہیں کررہے۔ "گینگ آف کالا چورز"کا پارٹنر چیلا پارٹی کارکنوں میں "مظلوم بچہ"بننے کی ناکام کوشش کررہا ہے۔ انکا لیڈر نوازشریف کے بغض میں جلتے جلتے اڈیالہ جیل پہنچ گیا ہے۔ نوازشریف کے بھائی شہباز شریف وزیراعظم ہیں اور انکی بیٹی مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب ہیں۔ نوازشریف پاکستان اور قوم کی بات کرنے والے قومی لیڈر ہیں۔ ان کی جب بھی حکومت آئی ملک نے ترقی کی ہے۔ اب بھی ملک اپنے پاؤں پر کھڑا ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی امین گنڈا پور کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آپ لوگ کنویں کے مینڈک ہیں اس سے باہر نہیں نکلنا چاہتے۔ جانوروں کی جگہ مویشی منڈیاں ہوتی ہیں اسمبلیاں نہیں۔ آپ لوگ ہر ہفتے پنجاب اور وفاق پر چڑھائی کرنے کی بجائے اپنے صوبے کی عوام پر رحم کھائیں۔ اپنے صوبے کے عوام کو وہ سہولیات پہنچانے کی کوشش کریں جو پنجاب کے لوگ انجوائے کر رہے ہیں۔ وہاں کے لوگوں نے آپ کو صرف دوسرے صوبوں سے بدمعاشی کرنے کے لیے ووٹ نہیں دیئے۔ اگر آپ لوگ صوبہ چلانے کے قابل نہیں ہیں تو پختونخوا کی جان چھوڑ دیں۔