انجمن تاجران ہال روڈ نے سیلاب متاثرین کیلئے ساڑھے چار کروڑ سے زائد کے فنڈز اکٹھا کر لئے

انجمن تاجران ہال روڈ نے سیلاب متاثرین کیلئے ساڑھے چار کروڑ سے زائد کے فنڈز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  لاہور(سٹی رپورٹر)انجمن تاجران ہال روڈ کے زیر اہتمام سیلاب زدگان کی مدد کیلئے فنڈ ٹریڈنگ کا انعقاد۔ قائد خدمت گروپ ہال روڈ بابر محمود کی اپیل پر 4 کروڑ 53 لاکھ 50 ہزار کے فنڈز اکٹھے کئے گئے۔ ہال روڈ کے تاجر رہنماؤں، دکانداروں،ریٹیلر، ہول سیلرز، امپورٹرز نے دل کھول کر عطیات دیئے۔ صدر خدمت گروپ ہال روڈ بابر محمود نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی مدد کیلئے خدمت گروپ اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ ہمارے تاجر بھائی ہال روڈ خدمت گروپ کی قیادت سیلاب زدگان کی مدد کیلئے ہمہ تن متحرک ہیں۔ ہمارا عزم اور نصب العین ہے۔

 تاجر بھائیوں کی مدد اور تعاون سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو اس مشکل اور کٹھن گھڑی سے نجات دلائیں گے۔ بے گھر ہونے والے بے آسرا خاندانوں کے سر پر خدمت گروپ ہال روڈ کی قیادت دست شفقت رکھے گی۔ انشااللہ سیلاب متاثرین کی خدمت میں کوئی کمی نہیں رکھیں گے۔ سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی تک دل کھول کر سیلاب متاثرین کی مدد کرتے رہیں گے۔