بھرتیوں پر پابندی جلد ختم کر رہے ہیں، سیلاب متاثرین کو گھر بنا کر دینگے: پرویز الٰہی 

  بھرتیوں پر پابندی جلد ختم کر رہے ہیں، سیلاب متاثرین کو گھر بنا کر دینگے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی او رسابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،برطانیہ اور پنجاب حکومت کے درمیان تعلیم، صحت، ٹیکنیکل ایجوکیشن اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور پنجاب حکومت اور برطانیہ کا مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیاگیا۔برطانیہ کے ہائی کمشنر نے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے برطانوی ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اوربرطانیہ ترقی وخوشحالی کے مضبوط پارٹنر ہیں۔ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے برطانیہ کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ تعلیم،صحت،امن وامان اور دیگرسماجی شعبوں میں بہتری کیلئے برطانوی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔برطانیہ کے مختلف شعبوں میں جاری اصلاحاتی پروگرام کو مزید آگے بڑھائیں گے۔سیلاب متاثرہ علاقوں اور متاثرین کی بحالی کے لئے جامع پلان بنایا ہے۔ لائیوسٹاک کے نقصانات کے ازالے کیلئے سروے کا کام شروع کر دیا ہے۔متاثرین سیلاب کو گھر بنا کر دیں گے۔وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہاکہ 2002 میں کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں بارشوں کے پانی کو محفوظ بنانے کیلئے پلان بنایا تھا۔بعد میں آنے والی حکومت نے اس پراجیکٹ پر کوئی کام نہیں کیا۔چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں - علماء کرام کی ملک وقوم کے لئے گراں قدر خدمات کو سراہتے ہیں -علماء کرام نے ہمیشہ اہم موقعوں پر قوم کی رہنمائی کی ہے-وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم نے سرکاری دفاتر، وزیراعلیٰ آفس، گورنر ہاؤس اور دیگر اہم سرکاری مقامات کو آیت مبارکہ سے مزین کر دیا ہے-اب ہماری حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب کے تمام سرکاری دفاتر میں دوپہر1:00 بجے سے:00 2بجے تک نماز ظہر کیلئے لازمی وقفہ ہوگا-انہو ں نے کہاکہ سود کے حوالے سے بھی ہم نے قانون سازی کی اور نجی طورپر سودی کاروبارکرنے والوں کیلئے 10 سال تک کی سزا مقرر کی ہے- پرویز الٰہی مستقبل قریب میں ممکنہ سموگ کے خدشے کے پیش نظر متحرک ہو گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ تقریب میں محکمہ ماحولیات کے اینٹی سموگ سکواڈ کے پائلٹ پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اینٹی سموگ سکواڈ کا معائنہ کیا اور گاڑیوں کے دھویں کی چیکنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اینٹی سموگ سکواڈ کے عملے سے ملاقات کی اور عملے کو محنت اور جذبے سے سرکاری فرائض کی انجام دہی کی تلقین کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اینٹی سموگ سکواڈ شہر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو باقاعدگی سے چیک کر ے گا۔مقررہ حد سے زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے گا۔
 پرویز الٰہی

مزید :

صفحہ اول -