بابر اعوان نے توہین عدالت کے قانون کو غیر شرعی قرار دے دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ توہینِ عدالت اور نیب کے قانون کے تحت آنے والے فیصلے متنازعہ رہتے ہیں، توہین عدالت غیر شرعی قانون ہے جس کا شرعی عدالتوں اور بڑے ممالک میں تصور ہی نہیں ہے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں تین مسائل سب سے اہم ہیں، پہلا مسئلہ مہنگائی ہے، دوسرا سیلاب ہے جس سے پاکستان کو 11 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔ ملک میں تیسرا مسئلہ یہ ہے کہ معاشرہ پولرائزڈ ہوگیا ہے۔ توہینِ عدالت کے معاملے میں دو مختلف آرا پہلے ہی بن گئیں کہ فیصلہ حق میں آیا تو یہ ہوگا، فیصلہ خلاف آیا تو یہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دو قوانین کے تحت ہونے والے فیصلوں پر اعتراض رہتا ہے، توہینِ عدالت اور نیب کے قانون کے تحت فیصلے متنازعہ رہتے ہیں۔ ماورائے آئین دور میں یہ قانون بنا، اس نے کبھی پارلیمنٹ کا دروازہ نہیں دیکھا اور نہ ہی اس پر کوئی بحث ہوئی۔
بابر اعوان کے مطابق عدالتی معاون نے بھی یہ بات کی کہ ادارے عوام کو ریلیف دیں گے تو ان کی قدر میں اضافہ ہوگا، اس سے تقسیم میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ دنیا کے بڑے ممالک میں توہینِ عدالت کا قانون ہی نہیں ہے، یہ غیر شرعی ہے، شرعی عدالتوں میں توہینِ عدالت کا تصور ہی نہیں ہے۔
خیال رہے کہ خاتون جج کو دھمکی دینے پر توہینِ عدالت کے کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کا جواب مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے خلاف فردِ جرم 22 ستمبر کو عائد کی جائے گی۔