الیکشن کمیشن نے 13 حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی کردیے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 11 ستمبر، 25 ستمبر اور 2 اکتوبر کو 13 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات ملتوی کردیے۔ ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہونے والے اہم اجلاس میں کیاگیا۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس کو بتایا کہ حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے سندھ، خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب میں ذرائع آمدو رفت مخدوش، عمارتیں تباہ اور ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے اور ملک میں قومی ایمرجنسی کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ تمام قومی ادارے جن میں پولیس، پاک فوج، رینجرز، کانسٹیبلری، انتظامی اور دیگر افسران جو الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے تھے وہ سیلاب متاثرین میں خوراک کی ترسیل اور وبائی امراض کے پھیلاؤ کی وجہ سے ضروری امدادی کارروائیوں اور متاثرین کی محفوظ مقامات پر آبادکاری میں انتہائی حد تک مصروف ہیں۔
اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے پاک فوج، رینجرز اور کانسٹیبلری کی دستیابی ضروری ہے، ان کے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے قومی اسمبلی کے 10 اور صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں میں انتخابات ملتوی کردیے جائیں۔
این اے 157 ملتان، پی پی 139 شیخو پورہ اور پی پی 241 بہاولنگر میں 11 ستمبر کو ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ ہونا تھی جو ملتوی کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237 ملیر کراچی، این اے 239 کورنگی کراچی اور این اے 246 کراچی جنوبی میں 25 ستمبر کو پولنگ ملتوی کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 2 اکتوبر کو پی پی 209 خانیوال میں پولنگ ہونا تھی جو الیکشن کمیشن کی طرف سے ملتوی کردی گئی ہے۔