مائیکرو سکول کے قیام سے 3 لاکھ سے زائد بچوں کو تعلیمی اداروں کا حصہ بنائیں گے: وزیراعلیٰ سندھ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ حکومت نے تعلیم کے بلند معیار کے لئے ہمیشہ اپنی توجہ مرکوز رکھی ہے۔مراد علی شاہ نے عالمی یوم خواندگی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں وہ ہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن کا تعلیمی نظام مضبوط ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے تعلیم کے بلند معیار کیلئے ہمیشہ خاص توجہ مرکوز کی ہے، سکول سے باہر بچوں کو سکول لانے کے لئے بہترین انتظامات کئے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ مائیکرو سکول کے قیام سے 3 لاکھ سے زائد بچوں کو تعلیمی اداروں کا حصہ بنائیں گے۔
مراد علی شاہ کے مطابق جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھ کر تعلیمی نظام میں جدت لا رہے ہیں، ایک لاکھ ڈیجیٹل سکول آئندہ 2 سال میں قائم کرنے کے عزم کو پورا کریں گے۔