وفاقی وزیر اسد عمر سے وزیراعلٰی محمود خان کی اسلام آباد میں ملاقات

وفاقی وزیر اسد عمر سے وزیراعلٰی محمود خان کی اسلام آباد میں ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے جمعرات کے روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات اسد عمر سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور صوبے میں ترقیاتی منصوبوں خصوصاً ضم شدہ اضلاع کی ترقیاتی اسکیموں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات سے متعلق اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وفاقی حکومت کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت رفت کے علاوہ اگلے مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں خیبر پختونخوا کے ترجیحی منصوبوں کو شامل کرنے سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ نئے مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کیلئے صوبائی حکومت کے مجوزہ منصوبوں میں پشاور۔ڈی آئی خان موٹروے، دیر موٹروے، سوات موٹروے فیز ٹو، چشمہ رائٹ بینک کینال اور دیگر اہم منصوبے شامل ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ صوبے میں وسیع تر عوامی مفاد اور ترقیاتی منصوبوں کی افادیت کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام شعبوں میں ترجیحی منصوبوں کا تعین کیا جا رہا ہے تاکہ ان منصوبوں کی اگلے پی ایس ڈی پی میں شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے، جبکہ ان ترقیاتی منصوبوں پر ٹائم لائنز کے مطابق عملی پیشرفت کو یقینی بنانے اور ان کی بروقت تکمیل کے لئے قابل عمل ایکشن پلان بھی وضع کئے جارہے ہیں۔ اپنی گفتگو میں پسماندہ علاقوں کی تیز رفتار ترقی کو اپنی حکومت کی اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وفاقی حکومت اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، وفاقی سیکرٹری پلاننگ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

صفحہ اول -