قومی اداروں کی نجکاری پر مزدوروں سے مل کر حکومت کیخلاف تحریک چلائیں گے ، سراج الحق

قومی اداروں کی نجکاری پر مزدوروں سے مل کر حکومت کیخلاف تحریک چلائیں گے ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور( نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پی آئی اے کی نجکاری کے آرڈی نینس کو خلاف قانون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے ہوتے ہوئے آرڈی نینس بلاجواز اورعوامی نمائندوں کی توہین ہے ۔ حکومت نجکاری کے آرڈی نینس کو فوری واپس لے ۔ پی آئی اے کی نجکاری قومی یا ملکی مفاد میں نہیں بلکہ آئی ایم ایف کے حکم پر کی جارہی ہے۔حکمرانوں کا صر ف پی آئی اے ہی نہیں ،پاکستان سٹیل ملز،او جی ڈی سی اورپاکستان ریلوے سمیت 68قومی ادارے اونے پونے داموں میں بیچنے کا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پی آئی اے اور دیگر قومی اداروں کے ملازمین اور مزدوروں کے ساتھ ہے لہٰذانیشنل لیبر فیڈریشن اور دیگر مزدور تنظیموں کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف بڑی تحریک چلائیں گے کیونکہ اداروں کی نجکاری ملکی سالمیت اور قومی وحدت کے خلاف ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی سی ایل میں نجکاری سے قبل 62ہزا ر ملازمین تھے اور سالانہ 14ارب روپے قومی خزانے کو منافع ملتا تھا مگر نجکاری کے بعد 44ہزار ملازمین کو فارغ کردیا گیا ،قومی خزانے میں صرف چار ارب روپے جمع ہوئے جبکہ ادارے کی اربوں ڈالر مالیت کی زمین اور اثاثے کوڑیوں کے مول اتصالات کے حوالے کردیئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ نجکاری کی دیگ کا ایک چاول ہے۔انہوں نے کہا کہ ئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے ذلت آمیز شرائط پر قرض حاصل کرکے آنے والی نسلوں کو صیہونی اداروں کی غلامی کی ہتھکڑیا ں پہنا دی گئی ہیں ۔سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ چالیس ارب روپے کے لگائے گئے ظالمانہ ٹیکس فوری واپس لئے جائیں کیونکہ حکومت کے پاس پارلیمنٹ سے منظوری کے بغیرنئے ٹیکس لگانے کا کوئی اختیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ٹیکس واپس نہ لئے تو ہر چوک اور چوراہے میں احتجاج کریں گے ۔