سزائے موت کے 3ملزموں کی اپیلیں منظور ،لاہور ہائیکورٹ کا بری کرنے کا حکم
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے سزائے موت کے تین ملزمان کی اپیلیں منظور کر کے بری کرنے کا حکم دے دیا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق ندیم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اپیلوں پر سماعت کی، ملزمان کی جانب سے عثمان نسیم ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔اپیل کنندگان کے وکیل کی جانب سے کہا گیا کہ ملزمان کی شناخت پریڈ قانون کے مطابق نہیں کروائی گئی، دلائل سننے کے بعد عدالت نے تینوں ملزمان شفیق ،الیاس اور عالم شیر کو مقدمہ سے بری کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ ملزمان پر شہری اظہر رشید کو قتل کرنے کا الزام تھا، سیشن کورٹ اوکاڑہ نے 2021 میں تینوں ملزمان کو سزائے موت کا حکم دیا تھا، اوکاڑہ پولیس نے 2014 میں ملزمان کیخلاف ڈکیتی مزاحمت کا مقدمہ درج کیا تھا۔