جالب جمہوری میلہ کمیٹی کا پہلا اجلاس ، نوجوان نسل کو مزاحمتی شاعری کا پیغام منتقل کرنے پر اتفاق ،ہر سال میلہ کروانے کا فیصلہ
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )سیفما آفس میں جالب جمہوری میلہ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں امتیاز عالم، فاروق طارق، طاہرہ جالب، سارا جالب، کامریڈ حسنین، فیصل شہزاد، رضا نعیم، عمار شہزاد، آمنہ چوہدری، مزمل کاکڑ، عبداللہ ضیا، رفعت مقصود، حر عباس نقوی، حارث ہاشمی، حسنین اصغر، حیدر بٹ، مدبر علی، امتیاز الحق، محمد اکبر، نیاز خان، محمد امین، علامہ صدیق اظہر، مرزا انور بیگ، ضیغم عباس، ڈاکٹر فرقان، محمد اصغر، محمد اعجاز، ثمن زاہرہ، رانا اویس اور حسن منور سمیت کل 37 افراد نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں تمام ساتھیوں نے شاعرعوام حبیب جالب کی خدمات کو سراہا اور آج کے حالات میں نوجوان نسل کو جالب کی مزاحمتی شاعری کا پیغام منتقل کرنے پر اتفاق کیا۔ کمیٹی ارکان نے 2019 کے بعد 2025 میں جالب عوامی میلہ کروانے کی تجویز کو سراہا اور آئندہ ہر سال جالب میلہ کروانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں مشترکہ طور پر اتفاق کیا گیا کہ حبیب جالب کسی ایک طبقے کا شاعر نہیں بلکہ سب کا شاعر ہے اس لیے جالب میلہ کمیٹی میں پرانے اور نئے تمام ساتھیوں کو شامل کیا جائے گا، بعض ناراض دوستوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے اور مل کر میلہ کرنے کی بائیں بازو کی اس روایت کو جاری رکھا جائے گا۔
امتیاز عالم کی تجویز پر جالب عوامی میلہ کا نام تبدیل کر کے جالب جمہوری میلہ رکھا گیا جس سے تمام شرکا ءنے اتفاق کیا۔ اجلاس میں جالب جمہوری میلہ کی تاریخ متفقہ طور پر 26 جنوری 2025 طے کی گئی۔ جبکہ میلے کا وینیو / مقام ابھی طے نہیں کیا گیا۔ جالب جمہوری میلہ کے فنڈز کا ٹارگٹ 15 لاکھ روپے رکھا گیا، ابتدائی طور پر میٹنگ میں شامل ارکان نے اپنے اپنے فنڈز لکھوائے۔ کامریڈ امتیازعالم نے 1 لاکھ، ناروے سے کامریڈ ٹونی عثمان نے 1 لاکھ جبکہ فاروق طارق نے 50 ہزار روپے میلے کے فنڈز دینے کا وعدہ کیا۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ جالب میلہ کے فنڈز کیلئے فری میڈیا ایسوسی ایشن کا اکاؤنٹ استعمال کیا جائے گا۔ فنڈز دینے والوں سے یہ اکاؤنٹ شئیر کر دیا جائے گا جبکہ میلے کے تمام فنڈز اور اخراجات کی رپورٹ ہر میٹنگ میں ساتھیوں کو پیش کی جائے گی۔ جالب میلے کی تاریخ کے ساتھ ہی اس کی موبلائزیشن شروع کر دی جائے گی، اس مد میں نوجوانوں کو تعلیمی اداروں میں جالب کے نام سے مختلف ایونٹس کروانے اور ساتھ جالب میلہ کی موبلائزیشن کی ذمہ داری دی گئی۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر جالب کے کلام کی ویڈیوز بنا کر بھی شئیر کی جائیں گی اور جالب جمہوری میلے کی تشہیر کی جائے گی۔ جالب میلہ کے انتظامات کیلئے کمیٹیوں کی تشکیل اگلی میٹنگ میں دی جائے گی۔ جالب میلہ کمیٹی کا اگلا اجلاس 20 دسمبر 3 بجے سیفما ، شادمان میں ہوگا۔