بلاول بھٹو یا عطاء تارڑ؟ لاہور کے حلقہ این اے 127 کا تہلکہ خیز نتیجہ 

بلاول بھٹو یا عطاء تارڑ؟ لاہور کے حلقہ این اے 127 کا تہلکہ خیز نتیجہ 
بلاول بھٹو یا عطاء تارڑ؟ لاہور کے حلقہ این اے 127 کا تہلکہ خیز نتیجہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور کے حلقہ این اے 127 میں مسلم لیگ (ن) کے عطاءاللہ تارڑ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو شکست دیتے ہوئے میدان مار لیاہے ۔

نجی ٹی وی "دنیا نیوز" کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کو لاہور کے حلقہ این اے 127 سے نہایت عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑ اہے وہ محض 15 ہزار 5 ووٹ ہی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ کامیاب ہونے والے عطاء اللہ تارڑ نے 98 ہزار 210 ووٹ حاصل کیے جبکہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ملک ظہیر عباس نے تگڑا مقابلہ کرتے ہوئے 82 ہزار 230 ووٹ لیے لیکن دوسرے نمبر پر رہے ۔

 ملک کے 855 قومی اور چاروں صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ووٹرز تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدواروں میں سے اپنے نمائندوں کا انتخاب کرنے کیلئے عوام نے بھر پور طریقے سے حق رائے دہی کا استعمال کیا، پولنگ سٹیشنز پر بھر پور رش دیکھنے میں آیا۔انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں میں 882 خواتین امیدوار میدان میں ہیں، 4 خواجہ سراء بھی جنرل نشست پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔عام انتخابات کیلئے پورے پاکستان میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ، 27 ہزار 628 حساس اور 18 ہزار 437 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز تھے۔

 سیکیورٹی فورسز کے 5 لاکھ اہلکاروں نے سیکیورٹی کی ذمہ داری نبھائی،  پولیس پہلے درجے پر، پھر پیرا ملٹری فورسز اور آخری درجے میں پاک فوج نے بطور کوئیک رسپانس فور س ذمہ داری  ادا کی ، نتائج مرتب کرنے کے لیے الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) استعمال کیا گیا، ای ایم ایس کے ذریعے پریذائیڈنگ افسر فارم 45 کی تصاویر الیکشن کمیشن کو ارسال کیں۔

ملک بھر میں ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760تھی جن میں6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 مرد اور 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 خواتین ووٹرز عام انتخابات کے لیے رجسٹرڈ ہیں۔یعنی تقریباً 54 فیصد مرد اور 46 فیصد خواتین ووٹرز ہیں، نئے رجسٹرڈ ووٹرز میں خواتین ووٹرز کی تعداد مردوں سے زیادہ ہیں، 25 سال تک کی عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار 371 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں 17 ہزار 818 امیدوار میدان میں تھے،ان میں 882 خواتین اور 4 خواجہ سرا ءشامل تھے، قومی اسمبلی کے لیے5121 امیدوار میدان میں تھے۔