حیدر آبادپولیس اور وکلاء کے درمیان تنازع ، سندھ پولیس کا ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو خط

حیدرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )پولیس اور وکلاء کے درمیان حالیہ تنازع پر سندھ پولیس نے جوڈیشل کمیشن بنانے کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو خط لکھ دیا۔
نجی ٹی وی" جیو نیوز" کے مطابق خط میں ایک وکیل کے ملوث ہونے کے مبینہ واقعے کی عدالتی انکوائری کی درخواست کی گئی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ قانون کی حکمرانی کے لیے پولیس اور وکلا اہم حصہ دار ہیں، انصاف اور حقائق جاننے کے لیے غیرجانبدارانہ انکوائری کرائی جائے، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے طریقہ کار وضع کیا جائے۔
سندھ پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ 3 فروری کی رات کو تھانہ بھٹائی نگر کی حدود میں ایک کار کو روکا گیا تھا، تسلی بخش جواب نہ ملنے پرکار سوار کےخلاف مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ درج کرنے پر وکلاء برادری کی جانب سے احتجاج کیا گیا، وکلا ءکی جانب سے ایس ایس پی حیدرآباد کے تبادلے کا مطالبہ کیا گیا، وکلاء نے مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج کرکے حیدرآباد بائی پاس ہائی وے کو بلاک کیا۔
خط میں کہا گیا کہ سندھ بھرمیں فینسی، جعلی نمبرپلیٹس، ہوٹرز اور کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔