گجرات بار کا الیکشن ، جماعت اسلامی کے چوہدری انصر محمود دھول نے میدان مار لیا

گجرات بار کا الیکشن ، جماعت اسلامی کے چوہدری انصر محمود دھول نے میدان مار لیا
گجرات بار کا الیکشن ، جماعت اسلامی کے چوہدری انصر محمود دھول نے میدان مار لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

گجرات (مرزا نعیم الرحمان سے) گجرات بار کے سالانہ انتخابات 2021 میں وکلاء نے بھاری اکثریت سے جماعت اسلامی ضلع گجرات کے نائب امیر چوہدری انصر محمود دھول کے سر پر صدارت کا تاج سجا دیا ,اس سے قبل چوہدری نثار احمد ایڈووکیٹ مرحوم جماعت اسلامی کے ضلعی رہنما گجرات بار کے صدر رہ چکے ہیں, چوہدری انصر محمود دھول الخدمت فاؤنڈیشن ضلع گجرات کے صدر, نائب امیر ضلع اور امیر گجرات کے علاوہ جماعت اسلامی مجلس شوری پنجاب کے رکن بھی ہیں, وہ گزشتہ انتخابات میں جماعت اسلامی کی طرف سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 105سے انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں۔گجرات بار کے الیکشن میں اُنہوں نے 696ووٹ لیے جبکہ اُن کے مدمقابل حریف سید فدا عباس شاہ ایڈوکیٹ نے 284ووٹ حاصل کیے،بار کی دوسری بار جنرل سیکرٹری کی سیٹ پر عرفان بشیر کنگ ایڈووکیٹ بلا مقابلہ منتخب ہوئے ۔نائب صدارت کیلئے ندیم انجم قریشی نے 636ووٹ حاصل کیے جبکہ اُن کے مد مقابل حریف چوہدری جاوید اختر مکیانہ نے 334 ووٹ حاصل کیے ۔مجلس عاملہ کے10ممبران اور فنانس سیکرٹری پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

چوہدری انصر محمود دھول ایڈووکیٹ نے گزشتہ برس بھی بار کے الیکشن میں حصہ لیا تھا مگر کامیاب نہ ہو سکے ،امسال گجرات بار کے بڑے بڑے گروپوں سمیت سبکدوش ہونیوالے صدر بلال حسین گورسی نے بھی انکی حمایت کا اعلان کیاتھا ۔چوہدری انصر محمود دھول کو ڈاکٹر طارق سلیم امیر صوبہ جماعت اسلامی، سید ضیاء اللہ شاہ امیر ضلع، ڈاکٹر خالد محمود ثاقب نائب صدر، حافظ عمران انور جنرل سیکرٹری، نائب امیر چوہدری انور وڑائچ، راجہ ساجد شریف جنرل سیکرٹری الخدمت فاؤنڈیشن ضلع گجرات کے علاوہ گجرات بار کے سینئر ترین اراکین جن میں رضوان فیصل ڈار، چوہدری فیاض گلانوالہ، محمد عمران، راشد محمود بٹ، طارق محمود خالد، خواجہ نوید احسن، طاہر صادق بٹ، چوہدری عمران ڈھلو، الیاس احمد چیچی، اصغر پسوال، ندیم شہزاد کوکب، نوید وڑائچ، مرزا ندیم اختر، شاہد احسان وڑائچ، طیب احسان وڑائچ، احمد وڑائچ‘ تنویر عباس، قاضی ظفر اللہ، خالد مسعود ملک، شفقت اللہ بٹ، اشفاق رضی اور ندیم اختر ایڈووکیٹ نے  مبارکبا د دی ہے۔

نتائج کا اعلان ہوتے ہی وکلا نے نومنتخب صدر چوہدری انصر محمود دھول ودیگر نومنتخب ممبران کو کندھوں پر اٹھا لیا اور سیشن کورٹ گجرات زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی بعد ازاں وکلاء کی بھاری تعداد ان کی رہائشگاہ پر پہنچ گئی ، وکلاء نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور انہیں پھولوں سے لاد دیا گیا ۔چوہدری انصر محمود دھول کے چھوٹے بھائی چوہدری آصف محمود دھو ل اور ان کے قریبی عزیز الحاج محمد افضل گوندل بھی اس موقع پر موجود تھے اور لوگ انہیں مبارکبادیں دیتے رہے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ گجرات بار کے کل ووٹروں کی تعداد 1398ہے پولنگ کا عمل صبح 9سے شام 4بجے تک جاری رہا ۔ووٹنگ کیلئے پانچ پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے ،جن میں تین ہائیکورٹ،ایک لوئر کورٹ اورایک خواتین ووٹرز کیلئے مختص کیا گیا تھا۔چیئرمین الیکشن بورڈ میاں کرامت اللہ ایڈووکیٹ کی سربراہی میں ممبران بورڈ چوہدری شمشاد اللہ ملہی ایڈووکیٹ،صابر علی چیمہ ایڈووکیٹ نے دیگر ممبران کے ہمراہ انتخابی عمل مکمل کرایا کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور الیکشن کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے موثر انتظامات کیے گئے پولنگ کے دوران احاطہ سیشن کورٹ کے اطراف مشکوک افرادپر نظر رکھنے کیلئے پولیس کی نفری تعینات کی گئی تھی پولنگ اسٹیشن میں داخلے کا اہل صرف ووٹرز کو قرار دیا گیا تھا۔