سرکاری ہسپتال پر تالے، نجی کلینک نے فیس نہ ہونے پر کیس نہ لیا، خاتون نے رکشے میں ہی بچے کو جنم دے دیا
کشمور (ڈیلی پاکستان آن لائن) اندرون سندھ کے ضلع کشمور میں سرکاری ہسپتال کو تالے لگے ہونے کے باعث خاتون نے رکشے میں ہی بچے کو جنم دے دیا۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق تحصیل تنگوانی میں ایک خاتون کو دردِ زہ ہونے پر سرکاری ہسپتال لایا گیا تاہم ہسپتال کو تالے لگے ہوئے تھے۔ اس دوران خاتون کی طبیعت بگڑی تو اسے نجی ہسپتال لے جایا گیا تاہم ہسپتال انتظامیہ نے لواحقین کے پاس فیس نہ ہونے کی بنا پر کیس لینے سے انکار کردیا۔ہر طرف سے مایوس ہونے کے بعد مجبور خاندان گھر واپس روانہ ہوگیا، اسی دوران راستے میں خاتون نے رکشے میں ہی بچے کو جنم دے دیا۔