قیدیوں سے اہلخانہ کی ملاقات نہ کرانا قابل مذمت ہے ،ایم کیو ایم

قیدیوں سے اہلخانہ کی ملاقات نہ کرانا قابل مذمت ہے ،ایم کیو ایم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے سیکورٹی کا جواز پیش کرکے عید الفطرکے موقع پر سینٹرل جیل کراچی میں قیدیوں سے ان کے اہل خانہ کی ملاقاتیں نہ کرانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے سراسر ظلم قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ عید الفطر کے دن سینٹرل جیل کراچی میں اسیروں کے اہل خانہ کو ان سے ملنے نہ دینا بنیادی حق چھیننے کے مترادف ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ عید الفطر کے موقع پر مسلم ممالک میں جیلوں میں اسیر قیدیوں کی سزائیں معاف کی جاتی ہیں اور انہیں ریلیف فراہم کیا جاتا ہے لیکن سینٹرل جیل کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے جیل میں اسیروں سے ان کے اہل خانہ سے ملنے کی اجازت نہ دینا اور اس سلسلے میں سیکورٹی کا جواز پیش کرنا کھلا تعصب ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ عید الفطر خوشی کا تہوار ہے اور اس دن لوگ ایک دوسرے سے مل کر خوشیاں بانٹتے ہیں تاہم کراچی سینٹرل جیل کی انتظامیہ نے عید کے دن بھی قیدیوں کو ان کے اہل خانہ سے دور رکھا جو قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کیلئے شدید صدمے اور دکھ کا باعث ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کراچی سینٹرل جیل انتظامیہ کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر قیدیوں پر ان کے اہلخانہ سے ملاقاتوں سے محروم رکھنے کا سختی سے نوٹس لیاجائے، سیکورٹی کا جواز پیش کرکے ظالمانہ اقدام کرنے والی جیل انتظامیہ کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے اور قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کی عید الفطر کے موقع پر ملاقاتوں کو یقینی بنایاجائے۔