واردات کے 10 روز بعد بھی قتل کے ملزمان کی عدم گرفتاری پر عمر کوٹ پریس کلب کے سامنے پولیس کیخلاف احتجاج
عمرکوٹ(سید ریحان شبیر سے)10 روز قبل کپرو میں قتل کیے گئے تعلقہ ناظم کپرو خدابخش درس اور گارڈ عبدالخالق درس کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف مسلم لیگ فنکشنل، جی ڈی اے ، اور حرجماعت سے وابستہ رہنماؤں اور کارکنوں کا پریس کلب عمرکوٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ پولیس فوری طورپر خدابخش درس کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، مقدمہ میں ملزمان کی نشاندہی کے باوجود پولیس قاتلوں کو گرفتار نہیں کررہی۔
تفصیلات کے مطابق پریس کلب عمرکوٹ کےسامنے مسلم لیگ فنکشنل عمرکوٹ اور جی ڈی اے ،حر جماعت کے رہنماؤں فقیر غلام نبی منگریو ،لیاقت جونیجو ،عارف مہر ، فقیر محب منگریو، عبدالغفار ناگوری کی قیادت میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔مظاہرے سےخطاب کرتے ہوئے فقیر غلام نبی منگریو، عبدالغفار ناگوری ،فقیر محب منگریو نےکہا کہ 10 روز گزرجانے کے باوجود سانگھڑ اور کپرو پولیس خدابخش درس اور گارڈ عبدالخالق درس کے قاتلوں کو گرفتار کرنےمیں ناکام ہے جس حر جماعت اور مسلم لیگ فنکشنل ،جی ڈی اے کارکنوں اور رہنماؤں میں بےچینی اس اشتعال پھیل رہاہے ۔
رہنماؤں کاکہنا تھاکہ قاتلوں کو مبینہ سیاسی آشیرباد ہونے کےباعث گرفتار نہیں کیاجارہا ہے ، تعلقہ ناظم خدابخش درس کے قتل کی ایف آئی آر میں نامزد 4 ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیاجائے، مظاہرے کے آخر میں زبردست نعرے بازی بھی کی گئی .