9مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور کرنے والوں سے کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا،سروسز چیفس کی سانحہ 9مئی پر ہونے والی مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلح افواج کے سروسز چیفس نے سانحہ 9مئی پر ہونے والی مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ 9مئی کے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہے،9مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور کرنے والوں سے کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے وقار اور عزت کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کا عہدکرتی ہیں،پاکستان کی مسلح افواج کا پاکستانی عوام کے ساتھ بہت خاص رشتہ ہے،آیئے آج پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں،آیئے اپنے پیارے ملک کی خوشحالی اور استحکام کیلئے ملکر کام کریں۔
آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان میں مزید کہاہے کہ مسلح افواج ملک کی خودمختاری ، علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کی تجدید کرتی ہیں،مسلح افواج ملک کے اندرونی، بیرونی دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے کے عزم کی تجدید کرتی ہیں،9مئی کے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہے،آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یقینی بنانا ہے کہ آئندہ کوئی ہمارے ہیروز کی یادوں کی بے حرمتی کی جرأت نہ کرے،یقینی بنانا ہے آئندہ کوئی ہمارے اتحاد کی علامتوں کی بے حرمتی کی جرأت نہ کرے۔
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شرپسند عناصر نے بیانیہ توڑ مروڑ کر خود کو بری الذمہ قرار دینے کی کوشش کی،ان شرپسند عناصر نے الزام ریاستی اداروں پر ڈالنے کی بھی کوشش کی،9مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور کرنے والوں سے کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا،9مئی منصوبہ سازوں، سہولت کاروں کو قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،نہ ہی 9مئی کو مہنگامہ کرنے والوں کو قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت دی جائے گی۔
آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ قومی تاریخ کے اس سیاہ دن سیاسی طور پر محرک اور برین واشڈ شرپسندوں نے بغاوت کی،سیاسی طور پر شرپسندوں نے جان بوجھ کر ریاستی اداروں کیخلاف تشدد کا سہارا لیا،ان شرپسندوں نے جان بوجھ کر ریاست کی مقدس علامتوں کی توڑ پھوڑ کی،ان شرپسند عناصر نے قومی ورثے سے تعلق رکھنے مقامات کی توڑپھوڑ کی،شرپسند عناصر کی توڑ پھوڑ کا مقصد خود ساختہ اور تنگ نظر انقلاب کی ناکام کوشش تھی،ہمارے شہدا اور ان کے خاندان پاکستان کا فخر ہیں،پاکستان کی مسلح افواج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔