آفاق احمد  نے متحدہ اور پیپلز پارٹی  کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کو بھی کراچی کی تباہی کا ذمہ دار قرار دے دیا 

آفاق احمد  نے متحدہ اور پیپلز پارٹی  کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کو بھی کراچی کی ...
آفاق احمد  نے متحدہ اور پیپلز پارٹی  کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کو بھی کراچی کی تباہی کا ذمہ دار قرار دے دیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(این این آئی)مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان)کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ کراچی اس وقت تباہی کے جس دہانے پر ہے اس کی تمام تر ذمہ داری متحدہ اور پیپلز پارٹی پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے اپنے دور اقتدار میں شہر کو بیدردی سے لوٹا اور اب پی ٹی آئی نے بھی یہی روش اختیار کرلی ہے۔

اپنی رہائش گاہ پر سائٹ ایریاسے ملاقات کیلئے آنے والے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ کراچی کی عوام کو پانی مل رہا ہے نہ گیس، سندھ گیس کی پیداوار کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے لیکن یہاں کے عوام اور صنعتیں گیس سے محروم رکھی جارہی ہیں یہی حال پانی کا بھی ہے، ریکارڈ بارشوں کے بعد بھی کراچی کے بہت سے علاقوں کو مہینہ مہینہ پانی نہیں مل رہا۔ آفاق احمد نے کہا کہ پہلے ٹرانسفارمیشن پیکج کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا گیا اب جزائر کے حوالے سے پی پی اور پی ٹی آئی کے درمیان نورا کشتی ہورہی ہے، مقصد دونوں کا ایک یعنی کراچی کو بے دست و پا کرنا ہے اوراس پورے کھیل میں متحدہ بھی شامل ہے جسکا ہمیشہ سے فلسفہ کھاؤ پیو موج کرو رہا ہے۔آفاق احمد نے کہا کہ گیس کی عدم، فراہمی کی وجہ سے گھریلو صارفین پریشان جبکہ صنعتیں نزع کے حال میں ہیں۔ صنعتی پیداوار میں کمی سے جہاں صنعتکار پریشان ہیں وہیں عوام کی زندگی بھی بیروزگاری کی وجہ سے اجیرن ہوچکی ہے کیونکہ کمر توڑ مہنگائی نے پہلے ہی انہیں دانے دانے سے محروم کررکھا ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کو تباہی سے بچانے کا واحد حل انتظامی بنیادوں پر علیحدہ صوبے کا قیام ہے، جب تک سندھ کے شہری علاقوں پر مشتمل جنوبی سندھ صوبہ حاصل نہیں کیا جائے گا اس وقت تک وڈیرانہ سوچ سے چھٹکارہ ممکن نہیں،جنوبی سندھ صوبے کے قیام کیلئے نوے کی دہائی سے جدوجہد کررہے ہیں، متحدہ اورایجنسیوں کی ٹوکری میں رکھے گندے انڈے ہماری اس جدوجہد کی راہ میں حائل نہیں ہوسکتے بلکہ میں یہ کہنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتا کہ جو لوگ بھی سندھ کی انتظامی تقسیم کی مخالفت کررہے ہیں وہ قوم کے خیر خواہ نہیں، اپنے وسائل پر اپنا اختیار حاصل کرنے کیلئے جنوبی سندھ صوبہ ناگزیر ہے، قوم اپنا حق تسلیم کرانے کیلئے جنوبی سندھ صوبہ کی جدوجہد تیز کردے۔