پشاور میں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس متاثر، صارفین کو مشکلات
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس متاثر ہوگئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق پشاور میں موبائل سگنلز جُزوی طور پر معطل ہوگئے، اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں مختلف مقامات پر موبائل فون کے سگنل غائب ہو گئے، شہر میں انٹر نیٹ سروس بھی انتہائی سست ہے۔شہریوں نے بتایا کہ بعض علاقوں میں موبائل فونز سگنلز اور انٹرنیٹ ڈیٹا کام نہیں کررہا ہے، پشاور میں کئی روز سے موبائل نیٹ ورک جزوی متاثر ہے، جس کی وجہ سے آن لائن لین دین کے معاملات میں صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم موبائل سگنلز میں خلل کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا تھا کہ اکتوبر کے آخر تک انٹر نیٹ میں خلل اور سست روی ختم ہو جائے گی۔ پی ٹی اے کے ذرائع کے مطابق 20 اکتوبر تک ویب مینجمنٹ سسٹم کی تنصیب اور اپ گریڈیشن مکمل ہو جائے گی، ڈبلیو ایم ایس کی تنصیب سے انٹرنیٹ سسٹم پر حملے کو بھی روکا جا سکے گا۔