پریذیڈنٹ ون ڈے کپ ، ایس این جی پی ایل ، ایشال ایسوسی ایٹس اور سٹیٹ بینک کی کامیابی
لاہور (سپورٹس رپورٹر)پریذیڈنٹ ون ڈے کپ میں بدھ کے روز کھیلے گئے میچوں میں دفاعی چیمپئن ایس این جی پی ایل ۔ ایشال ایسوسی ایٹس اور سٹیٹ بینک نے کامیابی حاصل کرلی۔
ان میچوں کی خاص بات کے آر ایل کے معاذ صداقت کی سنچری اور سٹیٹ بینک کے کاشف بھٹی کے 49 ناٹ آؤٹ اور تین وکٹوں کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی تھی۔جمخانہ گراؤنڈ لاہور میں ایس این جی پی ایل نے پی ٹی وی کو 93 رنز سے ہرادیا۔ایس این جی پی ایل نے 45 اوورز کی بیٹنگ میں 9 وکٹوں پر 249 رنز بنائے۔حسیب اللہ نے54 رنز سکور کیے۔ محمد حسنین نے تین وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پی ٹی وی کی ٹیم 35.5 اوورز میں 9 وکٹوں پر 156 رنز بناسکی۔ امام الحق بیٹنگ کے لیے نہ آسکے۔صاحبزادہ فرحان نے 58 رنز سکور کیے۔قاسم اکرم نے صرف 9 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں ایشال ایسوسی ایٹس نے غنی گلاس کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔غنی گلاس کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 178 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محسن ریاض 51 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے۔عثمان طارق نے تین وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں ایشال ایسوسی ایٹس نے مطلوبہ سکور 34 ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔سجاد ابراہیم نے چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے61 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ رمیز جونیئر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
ایبٹ آباد سٹیڈیم ایبٹ آباد میں سٹیٹ بینک نے کے آر ایل کو 2 وکٹوں سے ہرادیا۔بارش کے سبب یہ میچ 42 اوورز کا کردیا گیاتھا۔کے آر ایل نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے۔ معاذ صداقت نے6 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 114 رنز اسکور کیے۔ عامربرکی نے 82 رنز کی اننگز کھیلی جس میں5 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ کاشف بھٹی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔سٹیٹ بینک نے جواب میں آخری اوور میں جیت کے لیے درکار 12 رنز بناکر کامیابی حاصل کرلی۔ اس جیت کا کریڈٹ کاشف بھٹی کی جارحانہ بیٹنگ کو جاتا ہے جنہوں نے صرف 24گیندوں پر49 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے جس میں 4چوکے اور3 چھکے شامل تھے ۔ محمد فیضان نے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے63 رنز سکور کیے۔