میکسیکو میں 8.1 شدت کا زلزلہ،32 افراد ہلاک، متعدد زخمی ، درجنوں لاپتہ

میکسیکو میں 8.1 شدت کا زلزلہ،32 افراد ہلاک، متعدد زخمی ، درجنوں لاپتہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

میکسیکو سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک )میکسیکو کے جنوب میں بحرِالکاہل میں آنیوالے ملکی تاریخ کے شدید ترین زلزلے سے 32افراد ہلاک ، متعدد زخمی اور درجنوں لاپتہ ہو گئے ۔زلزلہ جمعرات کی شب مقامی وقت کے مطابق رات گیارہ بجکر 50 منٹ پر ساحلی علاقے پیجیجیاپان سے 87 کلومیٹر کے فاصلے پر آیا اور امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق اس کی شدت آٹھ اعشاریہ ایک تھی،جبکہ ملک کے صدر انریق پینا نیٹو نے اس کی شدت آٹھ اعشاریہ دو قرار دی ہے اور اسے میکسیکو کی تاریخ کا شدید ترین زلزلہ قرار دیا ہے۔زلزلے کے جھٹکے اس کے اصل مقام سے سینکڑوں میل دور تک محسوس کیے گئے اور اس سے اوکساکا اور چیاپاس کے علاقوں میں خاصی تباہی ہوئی ہے۔زلزلے کے نتیجے میں ہمسایہ ملک گوئٹے مالا میں بھی ایک شحض ہلاک ہوا ہے۔مرکزی زلزلے کے بعد میکسیکو کے ساحلی علاقوں کے قریب چار اعشاریہ تین اور پانچ اعشاریہ سات کی شدت کے درجنوں آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔زلزلے کے نتیجے میں میکسیکو اور قریبی ممالک کے سمندر میں تقریباً تین میٹر بلند لہریں اٹھنے پر میکسیکو میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی جسے بعد میں واپس لے لیا گیا۔زلزلے کے جھٹکے مرکز سے ایک ہزار کلومیٹر تک کے علاقے میں ایک منٹ تک محسوس کیے جاتے رہے۔ زلزلے کی شدت کی وجہ سے عمارتیں لرز تی رہیں اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ملک کے صدر نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ پانچ کروڑ افراد نے زلزلہ محسوس کیا اور ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
میکسیکو کے زلزلے کے مرکز ریاست چیاپاس میں چار ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ گوئٹے مالا اور جنوبی میکسیکو میں زلزلے کے نتیجے میں شدید نقصانات ہوئے۔سوشل میڈیا پر دکھائی دینے والے مناظر میں ریاست اوآکسکا کی تباہ شدہ عمارتوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوچیتن کے مقامی ہسپتال کو بھی نقصان پہنچا ہے اور متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔بحرالکاہل میں سونامی وارننگ سینٹر نے ایلسواڈور، گوئٹے مالااور کوسٹا ریکا میں بھی سونامی کی وارننگ جاری کی ہے تاہم وہاں سونامی کی لہریں میکسیکو کی نسبت کم درجے کی ہیں۔اس سے قبل سنہ 1985 میں میکسیکو میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے تھے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق میکسیکو سٹی اور گوئٹے مالا سٹی میں محسوس کیے جانیوالے زلزلے کی شدت 8.1 تھی جبکہ اس کا مرکز چیاپاس کے مغرب میں 165 کلو میٹر کی دوری پر35 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ میکسیکو کے جنوبی ساحلی علاقے میں متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں اور تار ٹوٹنے سے کئی علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی۔اوکسیکا کے گورنر ایلیجینڈرو مورت نے امریکی ٹی وی سی این این کو بتایا صرف ان کی ریاست میں ہلاک ہونیوالے افراد کی تعداد 23 ہے۔ 4افراد ریاست چیاپس اور 2طباسکو میں ہلاک ہوئے۔
میکسیکو زلزلہ

مزید :

صفحہ اول -