ارشد شریف قتل، (ن) لیگی قیادت کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر فیصلہ آگیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی دارالحکومت کے ڈسٹرکٹ اینڈسیشنز کورٹ نے ارشد شریف قتل کیس میں مسلم لیگ(ن) کی قیادت کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست مستردکردی۔
"ڈان نیوز" کے مطابق درخواست گزار شاکر علی نے نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور دیگر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کی تھی۔ایڈیشنل سیشن جج رانا مجاہد رحیم نے ارشد شریف قتل کیس کے اندراج مقدمہ میں مسلم لیگ(ن) کی قیادت مسترد کرتے ہوئے تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا کہ صحافی ارشدشریف کےقتل کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ءہے اور ارشد شریف کے اہلخانہ سپریم کورٹ میں معاملے کی پیروی کر رہے ہیں۔عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کے پاس اہل خانہ کے مقدمے کو پس پشت ڈال کر نیا مقدمہ درج کرانے کا اختیار نہیں اور اخباری تراشوں اور خطوط سے لیگی قیادت کا ارشد شریف قتل میں ملوث ہونا ثابت نہیں ہوتا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ اگر درخواست گزار چشم دید گواہ ہے تو جے آئی ٹی کی تحقیقات میں شامل ہو سکتا ہے لیکن درخواست گزار لیگی قیادت کا ارشد شریف قتل سے تعلق جوڑنے میں ناکام رہا۔ درخواست گزار اپنی مرضی کے ملزمان نامزد کرنے کا اختیار نہیں رکھتا لہٰذا لیگی رہنماؤں کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست کو مسترد کیا جاتا ہے۔