پی ٹی آئی اہم شخصیات کی پاکستان آمد پر ہی احتجاج کی کال کیوں دیتی ہے، اسحاق ڈار کا استفسار
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) احتجاج کی کال اس وقت دیتی ہے،جب اہم شخصیات پاکستان آرہی ہوں۔
ڈان نیوز کے مطابق موجودہ صورتحال پر سماجی رابطے کی سائٹ ’ ایکس’ پر اہم بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج سیاسی ہے یا ملک کی عزت اور وقار کے خلاف سوچی سمجھی سازش اور کھیل ہے؟انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاست کے بجائے پاکستان کو ترجیح دے، پی ٹی آئی احتجاج کی کال اس وقت دیتی ہے،جب اہم بین الاقوامی شخصیات پاکستان آرہی ہوں، پی ٹی آئی نےچینی وزیراعظم کےدورے،شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کانفرنس کےموقع پر بھی احتجاج کی کال دی۔ان کا کہنا تھا کہ آج بیلاروس کے وفدکی آمد پر بھی پی ٹی آئی نے احتجاج کی کال دی، خدارا پاکستان کو اپنی گھٹیا سیاست پر فوقیت دیں۔