بھارتی اور اسرائیلی قیادت الیکشن میں کامیابی کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے ،عمران خان
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے بھارت اور اسرائیل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ لینے کیلئے دونوں ممالک کی قیادت اپنے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز بھارتی اور اسرائیلی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت الیکشن میں کامیابی کیلئے اپنے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، جب اسرائیل اور بھارت محض ووٹ کے حصول کیلئے عالمی قوانین، اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل اور اپنے آئین کے برعکس مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ کشمیر پر قبضے کی کوشش کرتے ہوئے اخلاقی دیوالیہ پن کا مظاہرہ کرتے ہیں تو کیا ان کے عوام کو غصہ اور حیرت نہیں ہوتی کہ یہ انتخابات میں کامیابی کیلئے کس حد تک جا سکتے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے گزشتہ روز بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد نے ملاقات کی،جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی اس موقع پروزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی ملاقات میں موجو تھے۔ پاکستان اور بحرین کے درمیان تجارت کے فروغ پر بھی غور کیا گیا ۔