حکومت نے جنوبی پنجاب کی پسماندگی ختم کرنیکا پلان بنالیا، ڈاکٹر اختر ملک

             حکومت نے جنوبی پنجاب کی پسماندگی ختم کرنیکا پلان بنالیا، ڈاکٹر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ملتان (سپیشل رپورٹر)وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ ماضی  میں ویسٹ منیجمنٹ کمپنی میں کرپشن کی داستانیں عام تھیں اور کمپنی ملتان کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ بن چکی تھی۔سیاسی شخصیات نے یہاں مال  بنایا اور شہریوں کو گندگی اور تعفن (بقیہ نمبر23صفحہ6پر)
کے حوالے کردیا گیا جبکہ موجودہ حکومت نے بہترین انتظامی افسران تعینات کرکے اسے  ایک قابل فخر ادارہ بنادیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر سینٹری ورکرز نے مثالی صفائی کے لئے زبردست کردار ادا کیا جس کے لئے وہ انہیں سلام پیش کرتے ہیں.وزیر توانائی نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا ذکر کرتے ہوئے  پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ تاریخی شہر ملتان کو اس کا حق مل کے رہے گا۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران سے ملاقات میں ملتان کی اہمیت کے حوالے سے انہیں قائل کر لیا ہے اور گزشتہ روز وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے میٹنگ بھی اسی سلسلے کی کڑی تھی۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات ہونے والے افسران کو مکمل اختیارات حاصل ہونگے اور انہیں لاہور کی طرف نہیں دیکھنا پڑے گا۔موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کی پسماندگی اور احساس محرومی کے خاتمہ کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ گزشتہ حکومتوں نے  اس خطے کے استحصال کیا۔وہ عیدالاضحی پر صفائی کے بہترین انتظامات کرنے کے صلے میں ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سینٹری ورکرز کے اعزاز میں قلعہ کہنہ قاسم باغ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔چئیرمین ویسٹ منیجمنٹ کمپنی و ڈپٹی کمشنر عامرخٹک،وزیراعلیٰ کے ترجمان ندیم قریشی،قاسم خان لنگاہ ایم پی اے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان، سی ای او عبدالطیف خان، پی ٹی آئی سٹی کے صدر عدنان ڈوگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹراختر ملک نے خطاب میں کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اقرباء پروری کی بجائے انتظامی امور کا بہترین تجربہ رکھنے والے افسران کو اہم عہدوں پر تعینات کررہی ہے۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی مثال ہمارے سامنے ہے جنہوں نے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو ایک بہترین ادارے میں بدل دیا ہے اور سی ای او عبدالطیف خان نے ملتان میں صفائی کے حوالے سے ایک ریکارڈ قائم کردیا ہے۔چئیرمین ویسٹ منیجمنٹ کمپنی و ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے چارج سنبھالا تو ویسٹ منیجمنٹ کمپنی انتہائی بدانتظامی اور زوال کا شکار تھی۔ 700 ورکرز گھروں میں بیٹھ کے تنخواہیں لے رہے جبکہ کمپنی کی نصف گاڑیاں ورکشاپ میں اینٹوں کے سہارے کھڑیں تھیں۔مجھے ملتان کے ممبران اسمبلی کی مکمل سپورٹ حاصل تھی اور میں نے کمپنی کو سدھارنے کا عزم کر لیا۔گزشتہ عیدالاضحیٰ ٹرننک پوائنٹ ثابت ہوا جس کے بعد میں نے مڑ کے نہیں دیکھا۔آج مجھے فخر ہے کہ میں ایک ایسی کمپنی کا چئیرمین ہوں جس کی کارکردگی نہ پورے پنجاب بلکہ پورے پاکستان میں سب سے بہتر ہے۔انہوں نے کہا ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی مشینری اور افرادی قوت  دیگر کمپنیوں سے کم ہے لیکن کارکردگی سب سے بڑھ کر ہے جس  کا سہرا سینٹری ورکرز کو جاتا ہے۔عامر خٹک نے کہا کہ کمپنی ورکرز کے لئے عید بونس کی منظوری دے دی ہے۔ورکرز کے میڈیکل اور ملازم کی فوتیگی کی صورت میں ملازمت کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہونگے۔ورکرز مسائل کے حل کے لئے براہ راست مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔وزیر اعلیٰ کے ترجمان ندیم قریشی نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے شہراولیاء میں صفائی کے حوالے سے نئی روایات قائم کی ہیں۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ڈیڑھ سال میں کمپنی کی حالت بدل کر بہترین منتظم ہونے کا ثبوت دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان جنوبی پنجاب کا دل ہے اور ملتان شہر کو سنوارنے والے سینٹری ورکرز جنوبی پنجاب کے ماتھے کا چمکتا ہوا جھومر ہیں جنہیں وہ خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ندیم قریشی نے کہا ہے کہ ایک وہ دور تھا جب سیاسی لوگوں نے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو ہائی جیک کر کے اس کے مال اسباب پر قبضہ کر لیا تھا اور شہر کو گندگی کے ڈھیر میں بدل دیا گیا تھا جبکہ اب کمپنی میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہے۔یہی تبدیلی کی علامتیں ہیں۔قاسم لنگاہ ایم پی اے نے کہا کہ عید کے دن صفائی کا نظام حیران کن تھا۔ سی ای او عبدالطیف خان نے کہا کہ عید کے ایام میں تمام ممبران اسمبلی اور  ڈپٹی کمشنرعامر خٹک ہر گلی اور محلے میں ان کے قدم با قدم ساتھ کھڑے رہے اور صفائی آپریشن کو کامیاب بنایا جس کے لئے وہ ان کے شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم اور اپنے سینٹری ورکرز پر فخر ہے۔ملک عدنان ڈوگر نے کہا کہ کمپنی کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے حکومت،منتخب نمائندوں اور پی ٹی آئی کے ورکرز کی نیک نامی میں اضافہ ہوا ہے۔تقریب کے آخر میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور سی ای او عبدالطیف خان کو پگڑیاں پہنائی گئیں اور سینٹری ورکر کو عید بونس کا چیک دیا گیا۔کمپنی کے منیجرزعمران خان،حبیب الظفر،عثمان خورشید،انوارالحق اوراسد خورشید بھی تقریب میں موجود تھے۔
اخترملک