دیانتدار، فرض شناس افسروں کو حکومت پنجاب تحفظ فراہم کرے گی، گوہر نفیس
لاہور(سپیشل رپورٹر)اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی بدعنوانی کے خاتمے کی کوششوں کو موثر بنانے کے لئے تیار کی گئی"رپورٹ کرپشن ایپ "کاوزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس میں باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔رپورٹ کرپشن ایپ کے ذریعے عوام کرپشن کے بارے میں آن لائن شکایات درج کروا سکیں گے،شہری کرپشن بارے ویڈیوز،تصاویراورشکایات اپ لوڈ کرسکیں گے،رپورٹ کرپشن ایپ کے ذریعے شکایت کنندہ کو شناخت چھپانے کی سہولت بھی ہوگی،ترقیاتی منصوبوں میں گھپلوں اورناقص کام کے بارے میں شہری ایپ پر شکایت درج کروا سکیں گے جبکہ سرکاری محکموں میں رشوت کا مطالبہ کرنے والے افسروں اوراہلکاروں کے بارے میں بھی ایپ پر شکایت کی جاسکے گا۔اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سسٹم کے ذریعے صوبائی اداروں میں کرپٹ مافیا کا گھیراؤ کرکے قومی خزانہ کی لوٹی گئی رقوم وصول کرکے خزانہ میں واپس جمع کروائی جائے گی،انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کو کامیاب بنانے کے لئے ادار ہ انسداد رشوت ستانی اپنا بھرپور کرداراداکرے گی۔ایسے کرپٹ عناصر جو چند روپوں کی خاطر ادارہ کی ساکھ کو بدنام کررہے ہیں،ان کا بھی مکمل طور پر احتساب کیا جائے گااورادارہ میں دیانتدار و فرض شناس افسروں کو مکمل طور پر حکومت پنجاب کی طرف سے تحفظ فراہم کیا جائے گااور ماتحت عملہ کے ساتھ مل کر قومی خزانہ کی رقوم لوٹنے والوں کا احتساب کرکے قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔
گوہر نفیس