اسد عمر نے تحریک انصاف کو اہم مشورہ دیدیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ حکومت نے عوام کی رائے کو یکسر نظرانداز کر دیا ہے، ملک کے عوام ایک طرف اور نظام دوسری طرف ہے، جس کی وجہ سے ملک عدم استحکام کا شکار ہے، پی ٹی آئی کو حکمت عملی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی قائدین پر بنائے گئے تمام مقدمات جھوٹے ہیں ، پی ٹی آئی کو سب سے بہتر فریق سمجھتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ اگر شفاف انتخابات ہوئے تو مسلم لیگ ن فارغ ہو جائے گی ، موجودہ حکومت کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، اگر دوبارہ انتخابات نہیں کرائے گئے تو ن لیگ اپنی سیاست دفن کر دے گی۔
اسد عمر نے کہا کہ الیکشن میں سندھ سے سب سے زیادہ سیٹیں پی پی نے جیتی ہیں، پیپلز پارٹی کے پاس صوبائی حکومت ہے، لیکن وفاقی حکومت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ووٹ پر ایک غیر مقبول حکومت وفاق میں بیٹھی ہوئی ہے، ان کے لیے اس وقت سیاست چمکانے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کے درمیان کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں عوام کی طاقت انتہائی اہم عنصر ہے۔اسد عمر نے مزید کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکن جیلوں میں ہیں، جوپارٹی کے لیے بڑا چیلنج ہے، کارکنان کی رہائی کے لئے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔