فیض حمید کے خلاف چارج شیٹ آئندہ آنے والوں کے لیے عبرت ہوگی، مصطفی کمال کا بیان
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ فیض حمید کو بغیر ثبوتوں کے گرفتار نہیں کیا گیا ہوگا، ان کے خلاف چارج شیٹ آئندہ آنے والوں کے لیے عبرت ہوگی۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس کیس کے نتیجے میں ملک کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا، یہ چارج شیٹ ان کے لیے بھی سبق ہے جو سمجھتے ہیں کہ طاقت کبھی ختم نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو باضابطہ طور پر چارج شیٹ کر دیا گیا۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اگست 2024ء کو پاکستان آرمی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔