اے سی سی اے اوراے جی پی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اے سی سی اے اوراے جی پی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد( پ ر ) چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس ایسوسی ایشن پاکستا ن (ACCA) اورآڈیٹر جنرل آف پاکستان (AGP)کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے گئے ۔ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے بلوچستان کیلئے گورننس اینڈ پالیسی پراجیکٹ (GPP Blochistan)،گورننس اینڈ پالیسی پراجیکٹ فاٹا ( وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات)اور گورننس اینڈ پالیسی پراجیکٹ برائے خیبر پختونخوا(GPP KP)کیلئے مل کر کام کریں گے۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے کے بعد دونوں ادارے اے سی سی اے اور اے جی پی مل تمام مندرجہ بالا اداروں کے درمیان فنانشل مینجمنٹ کو بہتر بنانے اور صوبائی حکومتی اداروں کی مالی کارکردگی کو فعال بنانے کیلئے مشترکہ تعاون فراہم کریں گے ۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب میں خیبر پختونخوا، بلوچستان اور فاٹا کی حکومتوں کے نمائندگان بھی موجود تھے اس کے علاوہ جن اعلیٰ حکومتی شخصیات نے تقریب میں شرکت کی ان میں پاکستان کے ایڈیشنل آڈیٹر جنرل مسٹر عمران اقبال ، کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس محترمہ شگفتہ خانم ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان مسٹر داؤد بریچ( Barech )، سیکرٹری خزانہ بلوچستان مسٹر اکبر درانی ، سیکرٹری خزانہ خیبر پختونخوا مسٹر علی رضا بھٹہ، سیکرٹری پلاننگ خیبر پختونخوا مسٹر سید ظفر علی شاہ اور سیکرٹری خزانہ فاٹا مسٹر حضرت مسعود میاں کے نام شامل ہیں ۔
چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس ایسوسی ایشن پاکستا ن (ACCA)جو بین الاقوامی سطح کا اکاؤنٹنگ ادارہ ہے کو پاکستان میں بھی اکاؤنٹنگ کی خدمات پیش کرتے ہوئے 20سال کا طویل عرصہ گزر چکا ہے جبکہ یہ ملک کے6بڑے شہروں میں نوجوانوں ، پرائیویٹ سیکٹرز اور متعدد اداروں کو ماہرانہ تربیت بھی فراہم کر رہا ہے ۔ اب یہ ادارہ اپنی تمام تر فنی اور ماہرانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان ، خیبر پختونخوا اور فاٹا کے صوبائی محکموں کو مالی معاملات میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور کارکردگی وک بہتر اور شفاف بنانے میں عملی تعاون فراہم کرے گا ۔
عالمی بینک نے ملٹی ڈونرز ٹرسٹ فنڈ پاکستان کے مالی تعاون سے بلوچستان ، خیبر پختونخوا اور فاٹا میں پبلک فنانشل مینجمنٹ اور پالیسیوں میں اصلاحات اور نظام کو بہتر بنانے کیلئے منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔ان منصوبہ جات کے آغاز سے پبلک سیکٹر میں اعلیٰ معیار کی مالیاتی معلومات مالیاتی اور مانیٹری پالیسی کو فعال کیا جائیگا جبکہ اس سے ٹیکس دہندگان، سرمایہ کاروں ،بجٹ پلاننگ ،مالی منصوبہ بندی ، نگرانی کے مسائل کم کرنے اور مانیٹرنگ میں مدد ملے گی ۔ دوسری جانب آڈیٹر جنرل آف پاکستان (AGP) کا ادارہ ملک مین عوامی سرمائے کی حفاظت اور احتساب کے عمل کو مضبوط بنانا چاہتا ہے اس ادارے کی یہ کوشش ہے کہ عوام کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود اور درست سمت میں خرچ ہو اور اس میں کسی بھی قسم کی غلطی یا کوتاہی کے امکانات کم سے کم ہو تا کہ ملک درست سمت میں تیز تر ترقی کر سکے اور پبلک فنانشل مینجمنٹ سسٹم کو شفاف ترین بنایا جائے تا کہ صحیح وقت پر صحیح ملازمتوں میں صحیح مہارت کے ساتھ صحیح افرادملکی خدمت کا فریضہ انجام دیتے رہیں اور ملک میں جمہوری عمل کو تقویت ملتی رہے ۔ایم او یو پر دستخط کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آڈیٹر جنرل پاکستان مسٹر عمران اقبال نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم ACCAجیسے قابل اور ماہر ادارے کیساتھ مل کرصوبائی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں ہمیں اس سے پہلے بھی ACCAکے ساتھ کام کرنے کا عظیم تجربہ حاصل ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہم اس اس مرتبہ بھی مشترکہ کاوشوں سے بہتر سے بہتر نتائج حاصل کریں گے اور صوبائی اداروں کی مالی کارکردگی کو شفاف اور تیز تر بنا ئیں گے۔

مزید :

کامرس -