شہباز شریف سپریم کورٹ بارے بیان پر معافی مانگیں: زرداری

شہباز شریف سپریم کورٹ بارے بیان پر معافی مانگیں: زرداری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(این این آئی)سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے پنجاب کے وزیراعلی شہبا ز شریف کی جانب سے سپریم کورٹ پر جانبداری اور امتیازی سلوک کرنے کا الزام لگانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ الزام غیرذمہ دارانہ، توہین آمیز اور ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ نہ صرف معافی مانگیں بلکہ اپنے اس اشتعال انگیز بیان کو واپس لیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی چونکا دینے والی بات ہے کہ جے آئی ٹی کے سامنے حسین نواز کی تصویر کو شہباز شریف سپریم کورٹ کی جانب سے شریف خاندان پر حملہ تصور کرتے ہیں۔ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ اس بچے کو وہاں بٹھا کر رکھا گیا وہ ذرا یاد کریں کہ اس طرح دو مرتبہ منتخب وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو جیل کے باہر اینٹوں پر بیٹھنے پر مجبور کیا گیا جبکہ ان کے بچے بھی ان کے بازوں میں تھے۔ اس وقت تو پیپلزپارٹی نے یہ نہیں کہا کہ سپریم کورٹ نے بندوقیں پیپلزپارٹی کی جانب تان لی ہیں۔ یہاں تک کہ جب شہید ذوالفقار علی بھٹو کو عدالتی قتل کا نشانہ بنایا گیا اس وقت بھی پارٹی نے کبھی بھی سپریم کورٹ پر یہ الزام نہیں لگایا کہ اس نے اپنی بندوق پیپلز پارٹی پر تان لی ہے۔ حکمرانوں کو وہ دن بھی یاد کرنا چاہیے کہ جب انہوں نے جھوٹے اور بے بنیاد سیاسی طور پر بنائے گئے مقدمات پر سیاسی مخالفین پر غیرانسانی تشدد اور ظلم کیا لیکن اس وقت بھی عدالت پر الزام نہیں لگایا گیا اور بالآخر وہ سارے مقدمات عدلیہ کی کسوٹی پر پورے نہیں اترے اور ملزمان کو با عزت طور پر بری کر دیا گیا۔ سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سب کے احتساب پر یقین رکھتی ہے اور وہ اس بات کی اجازت نہیں دے گی کہ قانونی تحقیقات اور عدالتی طریقہ کار پر احتساب سے بچنے کے لئے الزامات لگائے جائیں۔ آصف علی زرداری نے وکلابرداری اور اخبار ایسوسی ایشنوں سے اپیل کی وہ پنجاب کے وزیراعلی کے دھمکی آمیز اور توہین آمیز بیان کا نوٹس لیں۔

مزید :

صفحہ آخر -