ایف سی آئی ٹی میں معیار تعلیم تنزلی کا شکار،طلباء کا مستقبل خطرے میں

ایف سی آئی ٹی میں معیار تعلیم تنزلی کا شکار،طلباء کا مستقبل خطرے میں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب یونیورسٹی کے فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ جو کہ پاکستان کے بہترین 3 انفارمیشن ٹیکنالوجی کالجز میں سے ایک سمجھا جاتا تھا وہ مبینہ طور پر موجودہ چیئرمین اور ڈین کے غیر ذمہ دارانہ فیصلوں کے باعث روز بہ روز تنزلی کا شکار ہونے لگا ہے  اور طلباء یونین سمیت فیکلٹی کے ممبرز نے بڑے پیمانے پر ہنگامی اصلاحات کا مطالبہ کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایف سی آئی ٹی (FCIT)دراصل پہلے’ پنجاب یونیورسٹی کالج آف انفارمیشن  اینڈ ٹیکنالوجی ‘  (PUCIT)کے نام سے جانا جاتا تھا جسے تبدیل کرتے ہوئے فیکلٹی کا درجہ دیدیا گیا اور اس کے زیر انتظام 4 ڈپارٹمنٹس تشکیل دیئے گئے جن میں کمپیوٹر سائنس (CS)، انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT)، سافٹ ویئر انجینئرنگ (SE)، ڈیٹا سائنس (DS) شامل ہیں ۔


(FCIT)کے ڈین کا عہدہ ڈاکٹر شہزاد سرور کے پاس ہے جبکہ وہ کمپیوٹر سائنس ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین بھی ہیں ۔ سافٹ ویئر انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد مرتضیٰ یوسف ، انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر وقار الحسن  ہیں ۔ 
حال ہی میں انتظامیہ کی جانب سے اچانک گزشتہ سمسٹر میں چھوٹ جانے والے پرچے یا فیل ہو جانے والے مضمون کے امتحان میں دوبارہ بیٹھنے کی فیس میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا جو کہ پہلے 3900 روپے ہوا کرتی تھی اسے بڑھا کر 3 گنا سے بھی زائد کر دیا گیا ۔یہ معاملہ جب طلباء تنظیم جمعیت کے پاس پہنچا تو طلباء میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور بمشکل یونیورسٹی کی فیسیں ادا کرنے والے طالبعلم پریشانی کا شکار ہو گئے ۔
طلباء تنظیم نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے احتجاج کا فیصلہ کیا اور ڈین کے دفتر کے باہر پرُ امن احتجاج ریکار ڈ کروانا شروع کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے ایک دھرنے کی سی شکل اختیار کر گیا ،  طلباء کے احتجاج کا معاملہ جب پنجاب یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شاہ کے علم میں آیا تو انہوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ  ایف سی آئی ٹی کے ڈین ڈاکٹر شہزاد سرور کو طلب کیا اور فیس بڑھانے کے معاملے میں اعتماد میں نہ لینے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے اضافے کو فوری واپس لینے کی ہدایت کی ۔ 


جس پر طلباء تنظیموں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ڈپارٹمنٹ کے ڈین اور چیئرمین سے متعلق اپنے تحفظات اور شکایات سے آگاہ بھی کیا ۔ایف سی آئی ٹی کے طالبعلموں کا مؤقف ہے کہ ماضی میں یہ ادارہ سید منصور کی زیر قیادت بہترین انداز میں پھلتا پھولتا رہا ، فیکلٹی میں تبدیل ہونے کے بعد زوال کے ذمہ داران کا تعین کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور طالبعلموں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جائے ۔

طلباء کا کہناتھا کہ موجودہ ڈین اور چیئرمین نے اپنے غیر ذ مہ دارانہ رویئے کے باعث ادارے کی ساخت کو مبینہ طور پر ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے  اور ڈپارٹمنٹ کے اخراجات کو مینج کرنے کی بجائے اس کا ملبہ ہم پر ڈال کر زائد فیسیں وصول کرنا ہرگز قبول نہیں ہے۔