علی امین گنڈاپور نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ہاتھ خوشی کے ساتھ نہیں ملایا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ترجمان کا بیان
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ترجمان نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ہاتھ ملایا، گلے لگے تو یہ خوشی سے نہیں کیا۔جیو نیوز کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ کے پی فراز مغل کا کہنا تھاکہ علی امین گنڈاپور صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں، وزیراعلیٰ نےامن کی خاطر اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلایا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے محسن نقوی سےہاتھ ملایا، گلے لگے تو یہ خوشی سے نہیں کیا، ملک وقوم اور قیام امن کی خاطر نہ چاہتےہوئے بھی محسن نقوی سے ملے اور شہریوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے وزیراعلیٰ ملے۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ کرم میں بچے، بوڑھے اور جوان روزانہ جاں بحق ہورہےہیں، یہ فسادات 1970 سے جاری ہیں، شکر ادا کرنا چاہیےکہ ایسا بندہ وزیراعلیٰ بنا جس نے قدم اٹھایا۔خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پشاور میں وزیراعلیٰ آفس پہنچے تو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ان کا خیر مقدم کیا اور ملاقات کی۔