پریکٹس میچ، عماد الیون نے سرفراز الیون کو 7 رنز سے شکست دے دی

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) عماد الیون نے پریکٹس میچ میں سرفراز الیون کو 7 رنز سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے پیش نظر قومی ٹیم کی ایل سی سی گراﺅنڈ میں بھرپور ٹریننگ جاری ہے، اسی ٹریننگ کے دوران دوٹیموں کے مابین میچ ہوا جن میں سے ایک کی کپتانی سرفراز احمد اور دوسری کی کپتانی عماد وسیم کر رہے تھے۔
میچ کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جیتا اور عماد الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ عماد الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 151 رنز کا ہدف دیا۔ جس کے جواب میں سرفراز الیون کے کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکے اور 143 رنز ہی بناسکی۔
پریکٹس میچ کے دوران شاداب خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ حسن علی کا جنریٹر بھی پریکٹس میچ کے دوران خوب چلا اور انہوں نے تین کھلاڑیوں کی بتی گل کی۔ اسی طرح میچ کے دوران فہیم اشرف نے 2 ، عماد وسیم، رومان رئیس اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پریکٹس میچ اور ورلڈ الیون کی آمد کے پیش نظر قذافی سٹیڈیم کی سکیورٹی انتہائی سخت رکھی گئی ہے اور پولیس کی بھاری نفری سٹیڈیم کے اطراف تعینات ہے جبکہ سیف سٹی پراجیکٹ کے کیمروں کے ذریعے بھی سٹیڈیم کی نگرانی کی جا رہی ہے۔