شعیب شاہین کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)انسداد دہشتگردی عدالت نے شعیب شاہین کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق تحریک انصاف کی سینئر قیادت کیخلاف 26نمبر چونگی پر پولیس پر حملہ کرنے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کو انسداد دہشتگردی عدالت پیش کیا گیا،وکیل صفائی نے کہاکہ وکیل کے چیمبر کو تحفظ فراہم ہوتا ہے،شعیب شاہین اپنی پیشہ وارانہ ذمے داری نبھا رہے تھے،شعیب شاہین کو ایک اور مقدمہ میں بھی نامزد کررکھا ہے،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے استفسار کیا کہ شعیب شاہین کا کردار کیا ہے؟ برآمدگی کیا کرنی ہے؟پراسیکیوٹر راجہ نوید نے کہاکہ شعیب شاہین سے تفتیش کرنی ہے۔
وکیل صفائی نے کہاکہ شعیب شاہین سے ٹینک برآمد کرنے ہیں،شعیب شاہین پر ہدایت دینے کا الزام ہے، اللہ پراسیکیوشن کو ہدایت دے،پراسیکیوٹر راجہ نوید نے کہاکہ تحریک انصاف کا پورا گینگ ہے،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہاکہ جلسہ کب سے کب تک تھا؟ کیا خلاف ورزی کی ہے؟پراسیکیوٹر راجہ نوید نے کہاکہ تحریک انصاف نے معاہدہ کیا تھا کہ این او سی کی مکمل پابندی کریں گے،وکیل صفائی نے کہاکہ کمشنر نے ہائیکورٹ میں کھڑے ہو کر جلسے کا این او سی جاری کیا، انتظامیہ کے خلاف توہین عدالت کا کیس آج لگا ہوا تھا، آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری ہوا،کل رات کچھ معلوم نہیں تھا کہ شعیب شاہین کو کس نے گرفتار کیا، کہاں منتقل کیا۔
عدالت نے فریقین کو سننے کے بعد شعیب شاہین کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔