صبر و تحمل کامیابی کی ضمانت ہیں، اپنی آنکھیں اور کان ہر وقت کھلے رکھتا ہوں ان اداروں کی تلاش میں رہتا ہوں جو مسلسل ترقی کیلئے کوشاں رہتے ہوں
مصنف:ڈاکٹر ڈیوڈ جوزف شیوارڈز
ترجمہ:ریاض محمود انجم
قسط:206
وولگا، ایک ایسی ملازمت کے حصول کے ذریعے دو بارہ اپنے پیروں پر کھڑا ہوگیا جسے چند لوگ ہی پسند کرتے ہیں اور اس نے ثابت کر دیا کہ غیر متزلزل اور مستحکم صبر و تحمل، کامیابی اور ترقی کی ضمانت ہے۔ یہ مرحلہ وہ نہیں ہے کہ جہاں سے آپ شروع کرتے ہیں، بلکہ یہ مرحلہ وہ ہے جو آپ کے لیے عظیم فرق کا باعث بنتا ہے۔
کس طرح غیر متزلزل و تحمل نے ایلیکس اے کی قسمت کی کایا پلٹ دی:
اگر ہم اپنے ذہن میں یہ بٹھا لیں کہ غیر متزلزل اور مستحکم صبر و تحمل کے ذریعے کامیابی اور ترقی حاصل کی جاسکتی ہے، اور اس کے مطابق اپنے مقاصد کے حصول کے لیے منصوبہ بندی کریں تو پھر غیر متزلزل، مستحکم صبر و تحمل کے ذریعے کامیابی اور ترقی کا حصول ممکن ہے۔
ریٹائر ہونے والے افراد کے لیے پنشن کے حصول پر مبنی پروگرام سے منسلک ایک مشیر، ایلکس اے، میرا دوست ہے اور اس کی سالانہ آمدنی 3 لاکھ ڈالر سے زائد ہے۔ ایک دن لنچ کرتے ہوئے میں نے اس سے پوچھا کہ اس کی آمدنی اس کے حریف ہم پیشہ افراد کی نسبت اس قدر زیادہ کیوں ہے۔ ایک لمحہ سوچنے کے بعد اس نے مجھے اپنی کامیابی کی وجہ سے آگاہ کیا ”میں نے 5 اقدام پر مبنی ایک طریقہ کا وضع کیا ہے جو میرے لیے معجزانہ نتائج پیدا کرتا ہے، اور مجھے یقین ہے کہ دوسرے لوگ بھی اس سے قطعی طور پر مستفید ہو سکیں گے۔“
میں نے ایلیکس سے اس طریقہئ کار کی وضاحت کرنے کے لیے کہا تو اس سے کہا ”اپنے اس طریقہ کار کے متعلق مختصر طور پر تمہیں بتاتا ہوں۔ سب سے پہلے تو میں اپنے متوقع گاہک تلاش کرتا ہوں، اور یہ قدم میرے لیے بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔ میرا مطلب یہ ہے اپنے متوقع گاہک تلاش کرنے کے لیے میں کافی زیادہ وقت صرف کرتا ہوں۔ میں مقامی کاروبار کے متعلق خبروں کے متعلق معلومات اور خبریں اکٹھی کرتا ہوں۔ میں دیکھتا ہوں کہ کون سے ادارے ترقی اور کامیابی میں سے گزر رہے ہیں۔ میں اپنی آنکھیں اور کان ہر وقت کھلے رکھتا ہوں اور ہر وقت ان اداروں کی تلاش میں رہتا ہوں جو مسلسل ترقی اور کامیابی کے لیے کوشاں رہتے ہوں۔ لوگوں سے ملاقات کے وقت، کسی بھی کانفرنس کے موقع پر، ہوائی سفر کے دوران، حتیٰ کہ تعطیلات مناتے ہوئے بھی، میں متوقع گاہکوں کو ڈھونڈتا رہتا ہوں۔ کیوں کہ کسی نہ کسی کو تو میری خدمات کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔ لیکن میں اپنی خدمات، صرف معقول افراد ہی کو پیش کرتا ہوں۔ خاص طور پر میں اداروں کی تلاش میں رہتا ہوں جنہیں اپنے کاروبار کا آغاز کیے تھوڑا عرصہ ہی ہوا ہوتا ہے اور میرے خیال کے مطابق، ایسے ادارے، پروگرام یا منافع میں حصہ داری پر مشتمل پروگرام اپنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس قسم کے ادارے خاص طور پر میرے متوقع گاہکوں کی حیثیت رکھتے ہیں۔“
ایلیکس نے اپنے طریقہ کار کے دوسرے قدم کے متعلق بتاتے ہوئے کہا: ”میں اپنے متوقع گاہک (ادارے) کے سربراہ کو فون کرتا ہوں، میں اپنا مکمل تعارف کرواتا ہوں اور اپنی خدمات سے بھی آگاہ کرتا ہوں۔ پھر میں ملاقات کا وقت طلب کرتا ہوں۔ عام طور پر ملاقات کا وقت طے پا جاتا ہے کیونکہ میری باتیں دو ٹوک اور واضح ہوتی ہیں۔ اور ان میں دھوکہ بازی کا کوئی عنصر شامل نہیں ہوتا۔“
(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بُک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوط ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔