وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا نے امریکی سفیر کی ملاقات میں مداخلت کا معاملہ اٹھایا ،نجی ٹی وی کا دعویٰ

وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا نے امریکی سفیر کی ملاقات میں مداخلت کا معاملہ ...
وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا نے امریکی سفیر کی ملاقات میں مداخلت کا معاملہ اٹھایا ،نجی ٹی وی کا دعویٰ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے امریکی سفیر کی ون آن ون 10منٹ کی ملاقات ہوئی ہے ،جس میں امریکی مداخلت اور دیگر معاملات کو سفارتی طور پر اٹھایا گیا۔

نجی ٹی وی "جیو نیوز "کے مطابق تیمور سلیم جھگڑانے امریکی سفیر کے ردعمل پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ امریکی سفیر نے صوبے کا دورہ کرنے اور وزیراعلیٰ سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی، جس پر پارٹی چیئرمین سے اجازت کے بعد دورے کو حتمی شکل دی گئی، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم جانتے تھے کہ امریکی سفیر کے دورے سے تنازع جنم لے گا لیکن تفصیلی غور کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ ملاقاتوں کا بندوبست کیا جائے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق امریکی سفیر سے ون آن ون ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ محمود خان نے عمران خان کی سابقہ حکومت کے خلاف امریکی سازش پرباضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا،جبکہ سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے امریکی سفیر کے دورے اور وزیراعلیٰ سے ملاقات میں اہم کردار ادا کیا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے وزیر اعلیٰ اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے درمیان ہونے والی گفتگو کی تفصیلات بتانے سے معذرت کرلی ہے،ترجمان نے کہا کہ سفارت خانہ نجی سفارتی ملاقاتوں پر تبصرہ کرنے سے قاصر ہے، یہاں تک کہ آف دی ریکارڈ بھی میرے پاس کچھ نہیں ہے جو میں آپ کو بتاسکوں۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ محمود خان کی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے 10 منٹ تک ون آن ون ملاقات ہوئی تاہم انہوں نے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کو ملاقات میں موجود رہنے کی ہدایت کی ،ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ محمود خان نے عمران خان حکومت کے خلاف امریکی مداخلت کے معاملے سمیت 3نکات اٹھائے جس پر باقاعدہ احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -