چینی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری پر ترجیحاً سہولیات دی جائیں گی: مریم نواز

چینی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری پر ترجیحاً سہولیات دی جائیں گی: مریم ...
چینی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری پر ترجیحاً سہولیات دی جائیں گی: مریم نواز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

شنگھائی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف شنگھائی پہنچ گئیں اور شنگھائی میں سیاسی مصروفیت کا آغاز کر دیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی شنگھائی کمیٹی کے ڈپٹی سیکرٹری سے ملاقات کی، مسٹر زو زونگ منگ نے مریم نواز کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
ڈپٹی سیکرٹری مسٹر زوزونگ منگ نے پنجاب اور شنگھائی کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید مستحق کرنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، سائنس، ٹیکنالوجی اور انڈسٹری میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات میں اکنامک اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستانی طلبہ اور ماہرین کو ٹریننگ اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شنگھائی بیسڈ کمپنیوں کو پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
اس موقع پر مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر شنگھائی کا فنانشل اور ٹریڈ ہب کے طور پر ابھرنا قابل تحسین امرہے، آٹو موبائل، آئی ٹی، سیمی کنڈکٹر اور روبوٹک سمیت دیگرشعبوں میں شنگھائی کی کمپنیوں سے اشتراک کار چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چین کے تعاون سے ماہرین کی کیپسٹی بلڈنگ سے پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری تیزی سے فروغ پارہی ہے، پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر مایہ ناز صدر زی جن پنگ کے ویژن کے مطابق ترقی کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب شنگھائی حکام کے ساتھ آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے، پاکستان اور چین نواز شریف اور شہبازشریف کے دور حکومت میں مزید قریب آئے، اہل چین سے انس میرے خون میں شامل ہے۔مریم نواز نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اکنامک کاریڈور جیسے گیم چینجر پراجیکٹ کا آغاز نواز شریف اور شہباز شریف کے دور حکومت میں ہی ممکن ہوا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کئی سال کے سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے بعد پاکستان کی معیشت اور معاشی اعشاریے بڑھوتری کی طرف گامزن ہیں، چین کی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری پر ترجیحاً سہولیات دی جائیں گی۔
اس موقع پرکمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی شنگھائی کمیٹی کے ڈپٹی سیکرٹری مسٹر زو زونگ منگ نے کہا ہے کہ تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر اور عوامی رابطے، باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔