امریکہ،ایران کشیدگی پر وزیر اعظم کی سمت درست نہیں،لیاقت بلوچ

امریکہ،ایران کشیدگی پر وزیر اعظم کی سمت درست نہیں،لیاقت بلوچ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور (نمائندہ خصوصی) نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان اور صدر قائمہ کمیٹی سیاسی امور لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ امریکہ ایران کشیدگی پر وزیر اعظم کے موقف کو درست مان بھی لیا جائے تو اس کی سمت درست نہیں۔پاکستان کی ترجیح عالم اسلام کا اتحاد ہونی چاہئے۔پاکستان،ترکی،سعودی عرب،ایران اور ملائشیا ایک پیج پر ہوں توامریکہ اور عالمی استعماری قوتوں کا دفاعی اورمعاشی سمیت ہر محاذ پرمقابلہ کیا جاسکتا ہے۔امریکہ کے اپنے مفادات ہیں اور ان مفادات کے حصول کیلئے امریکہ گرگٹ کی طرح رنگ بدل لیتا ہے۔امریکہ کے مقابلے کیلئے دورس اور ہمہ گیر حکمت عملی ناگزیرہے۔عمران خان صاحب پاکستان دنیا کے لئے اسی وقت مثالی بن کر قیادت کرسکتا ہے جب ملک اسلامی ہو، اقتصادی استحکام ہواور خارجہ محاذ پر قومی اتفاق رائے سے قومی حکمت عملی بنائی جائے۔


 حکومتی بیانیہ سے مسئلہ کشمیرکاغائب ہوجانا لمحہ فکریہ اور قومی المیہ ہے۔ لیاقت بلوچ نے کراچی میں سابق جسٹس،سابق چیف الیکشن کمشنرفخر الدین جی ابراہیم کے بیٹوں اور خاندان کے دیگر افراد سے اظہار تعزیت کیااور مرحوم کی خدمات کو سراہا۔لیاقت بلوچ نے سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان کی پوتی کی شادی کی تقریب میں سابق صدر ممنون حسین سے ملاقات کی۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت کرپشن کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے۔