علامہ ساجد نقوی کی اپیل پر امریکہ کیخلاف ملک گیر احتجاج

  علامہ ساجد نقوی کی اپیل پر امریکہ کیخلاف ملک گیر احتجاج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی /اسلام آباد(آئی این پی) قائد ملت جعفریہ پاکستا ن علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر شیعہ علماء کونسل پاکستان، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائیزیشن سمیت ملک بھر کی دیگر مذہبی تنظیموں اور انجمنوں نے شہید جنرل قاسم سلیمانی، شہید ابو مہدی المہندس و دیگر شہدا ء کے ساتھ تجدید عہداور والہانہ خراج عقید ت پیش کرنے کیلئے برادر اسلامی ملک ایران سے اظہار یکجہتی واظہار ہمدردی کرتے ہوئے کراچی تا خیبر،کوئٹہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تما م چھوٹے بڑے شہروں میں امریکی دہشتگردی کیخلاف احتجاجی ریلیوں کا انعقادکیا گیا جسمیں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق عراق کے شہر بغداد میں امریکی جارحیت اور دہشتگردی کیخلاف ملت جعفریہ پاکستان نے اپنے قائد علامہ ساجد نقوی کی اپیل پر دارلحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے تمام بڑے چھوٹے شہروں نماز جمعہ میں آئمہ جمعہ والجمات نے شہید جنرل قاسم سلیمانی، شہید ابومہدی المہندس و دیگر شہدا ء کے ساتھ تجدید عہداور والہانہ خراج عقید ت پیش کیا گیااور بعد ازاں شیعہ علماء کونسل پاکستان، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائیزیشن سمیت ملک بھر کی دیگر مذہبی تنظیموں اور انجمنوں نے احتجاج کرتے ہوئے پر امن ریلیاں اور مظاہرے کئے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں مر دہ باد امریکہ، اور شہید جنرل قاسم سلیمانی، شہید ابو مہدی المہندس کے حق میں کتبے اور پینا فلیکسز اٹھا رکھے تھے۔ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح دارلحکومت اسلام آباد میں بھی نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے پُر جوش احتجاجی مظاہر ہ کیا گیا، مظاہرہ کی قیادت شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، مولانا غلام قاسم جعفری ڈویژنل صدر راولپنڈی، علامہ فرحت عباس جوادی، مولانا سید جعفر عباس نقوی صوبائی جنرل سیکرٹری شمالی پنجاب، مولانا سید وزیر حسین کاظمی، نیئر اقبال ضلعی صدر اسلام آباد، محمد اکبر میر ڈویژنل صدر جے ایس او راولپنڈی ڈویژن نے کی۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ایٹمی ریاست ہے، ہمیں اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے لیکن جن ممالک نے ہمارے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، جنگوں میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے اور مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف اختیار کیا ہمیں بھی مشکل میں ایسے ممالک کیساتھ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کی طرف سے کھلی اور ننگی جارحیت کرکے جنرل قاسم سلیمانی، ابو مہدی المہندس سمیت ان کے ساتھیوں کو شہید کیاگیا، جنرل قاسم سلیمانی عراقی حکومت کے مہمان اور آفیشل دورے پر بغداد پہنچے تھے۔ملک بھر کے مختلف مقامات پر شیعہ علماء کونسل اور جے ایس او کے مرکزی، صوبائی، ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل کے عہدیداران و علماء کرام نے احتجاجی مظاہروں میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی امت مسلمہ اور باالخصوص پاکستان سے بہت عقیدت رکھتے تھے۔داعش جیسے فتنوں کے خاتمے میں سلیمانی کا کلیدی کردار تھا ۔مقررین کا مزید کہنا تھا کہ قاسم سلیمانی اور ان کے رفقاء راہ حق پر شہید ہوئے، شہید جنرل استعماریت، دہشت گردی، اسلام دشمنوں کے خلاف نہ صرف توانا آواز بلکہ ہمیشہ مظلوم کے ساتھ اور ظالم کیخلاف برسرپیکار رہے۔امریکی جارحیت نے خطے کو ایک بڑے خطرے سے دوچار کردیاہے۔
احتجاج

مزید :

صفحہ آخر -