کرونا کا خدشہ، کراچی میں اجتماعات پر پابندی کی سفارش، سندھ حکومت نے پی ایس ایل میچز کہیں اور منتقل کرنے کی تجویز کرنے کی تجویز مستر د کر دی حتمی فیصلہ آج ہو گا

  کرونا کا خدشہ، کراچی میں اجتماعات پر پابندی کی سفارش، سندھ حکومت نے پی ایس ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے اور تعلیمی ادارے لمبے دورانیے تک بند رکھنے کی سفارش کردی۔صوبائی وزیر صحت کی سربراہی میں محکمہ صحت سندھ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام بھی شریک ہوئے، اجلاس میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا اور اس دوران بعض اہم فیصلے بھی کیے گئے۔محکمہ صحت نے ائیرپورٹ پورٹ پر ہیلتھ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے کراچی آنے والے تمام مسافروں کی اسکریننگ کی جائے گی۔اس کے علاوہ تمام نجی و سرکاری ہسپتالوں میں فرنٹ لائن ڈیسک بھی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فرنٹ لائن ڈیسک کورونا وائرس کے حوالے سے معلومات بھی فراہم کریں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں عوامی اجتماعات نہ کرانے سے متعلق ایڈوائزری جاری کی جائے گی جب کہ پی ایس ایل کی طرز پر ہونے والے عوامی اجتماعات پر بھی پابندی لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔ترجمان محکمہ صحت نے بتایاکہ وزیراعلیٰ سندھ سے تمام تعلیمی اداروں کو لمبے دورانیے تک بند رکھنے کی سفارش کی جائے گی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کو گڈاپ میں قائم ہسپتال میں طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔فوکل پرسن نے محکمہ صحت سندھ کے دفتر میں عام شہریوں کے داخلے پر پابندی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ سیکریٹریٹ میں محکمہ صحت کے دفاتر میں ملازمین کے علاوہ دیگر افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔فوکل پرسن نے کہا کہ ہم ہنگامی حالت میں ہیں جس کی وجہ سے دروازے بند کیے گئے ہیں۔حفاظتی اقدامات کے تحت ملک کے تمام داخلی راستوں پرکورونا وائرس کے خطرے کے باعث اسکریننگ جاری ہے جس کے لیے خصوصی مشینیں لگائی گئی ہیں، اسکریننگ میں جسم کے درجہ حرارت اور کیس ہسٹری کے مطابق مشتبہ قرار دیا جاتا ہے۔ انٹرنیشنل ائیرپورٹس اور بارڈرز پر ہر آنے والے مسافر کو محکمہ صحت کے 3 سے 4 ماہرین بھی چیک کرتے ہیں۔محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ داخلی راستوں پر وزارت صحت اور این آئی ایچ سے تربیت یافتہ عملہ تعینات ہے۔حکام کے مطابق اب تک تقریباً 9لاکھ افراد اسکریننگ کے عمل سے گزر چکے ہیں، مختلف لیبارٹریز میں اب تک کوروناکے 360 افراد کے نمونے بھی چیک کیے جا چکے ہیں جبکہ سندھ حکومت نے محکمہ صحت کی کراچی سے پی ایس ایل مقابلے منتقل کرنے کی تجویز مسترد کر دی۔سندھ حکومت نے پی ایس ایل میچز کے بارے میں حتمی فیسلہ آج کیا جائے گا۔ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق صورتحال قابو میں ہے اور سندھ حکومت پی ایس ایل میچز کے انعقاد کیلیے تمام ضروری انتظامات کریگی۔وزیراعلی سندھ نے پی ایس ایل میچزمنتقل اورسکول تعطیلات میں توسیع کی سفارش کرنے پر محکمہ صحت پر اظہار برہمی کرتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کی سخت سرزنش کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کا اعلامیہ شہر میں کوروناوائرس سے متعلق خوف و ہراس پھیلانے کی وجہ بنا۔دوسری طرف سندھ میں دو اور مریضون مین کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے کرونا وائرس سے متاثرہ دونوں پاکستانی شہری ایران سے براستہ دبئی وطن پہنچنے۔ سندھ میں مریضوں کی مجموعی تعداد پندرہ ہو گئی ہے۔محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق متاثرہ افراد میں سے ایک کا تعلق حیدر آباد اور دوسرے کا کراچی سے ہے۔ حیدر آباد کے شہری نے شام سے براستہ دوحہ کراچی سفر کیا تھا جبکہ کراچی کے رہائشی نے ایران سے براستہ دبئی کراچی سفر کیا تھا۔سندھ کی اہم سیاسی شخصیت کے بہنوئی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ذرائع کے مطابق مذکورہ شخصیت کے بہنوئی دو روز قبل ایران سے کراچی پہنچے تھے جنہیں ہلکے بخار کی شکایت تھی جس کے بعد شک کی بنا پر ان کا کووڈ-19 کا ٹیسٹ کیا گیا جس میں کورونا وائرس کی علامات پائی گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے سبب گھر میں ہی آئسولیشن میں رکھا گیا ہے جب کہ اہل خانہ کی بھی نگرانی کی جارہی ہے، اس کے علاوہ یہ شخصیت جس پرواز کے ذریعے کراچی پہنچی اس کے مسافروں کا ڈیٹا بھی جمع کیا جارہا ہے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کراچی میں کرونا کے نئے 9 مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، تمام افراد کی ٹریول ہسٹری موجود ہے، متاثرہ افراد پہلے سے بیماری میں مبتلا شخص سے رابطے میں تھے۔خیبر پختونخوا کے رہائشی اور ایران سے آنے والے باشندوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا، 34 رہائشیوں کو بلوچستان قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جو 10 مارچ کو بلوچستان سے خیبرپختونخوا آئیں گے۔ خیبر پختونخوا محکمہ صحت کے مطابق مسافروں کا تعلق صوبہ کے مختلف اضلاع سے ہے، جنہیں حفاظتی اقدام کے طور پر مزید کچھ دن قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کوہاٹ میں کرونا وائرس کاپہلا مشتبہ کیس سامنے آیا جسے فوری طور پر ڈویڑنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈی اے منتقل کردیا گیا۔ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ(ایم ایس) ڈاکٹر رحیم خٹک نے رابطہ کرنے پر تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سیف اللہ نامی متاثرہ شخص کا تعلق کوہاٹ کے نواحی علاقے مندوری سے ہے جو چند روز قبل کراچی سے اپنے گاوں آیا ہے۔ ایم ایس نے بتایا کہ سیف اللہ نامی شخص کو سینے میں تکلیف کے باعث مشتبہ قرار دے کر ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کے ٹیسٹ اسلام آباد بھیج دیئے گئے۔
کراچی کرونا

واشنگٹن، بیجنگ،روم،(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)ماہرین نے دنیا میں صرف انٹارکٹکا کو کورونا وائرس سے اب تک محفوظ خطہ قرار دیا ہے، اس وائرس سے یورپ میں اٹلی سب سے زیادہ متاثر ہے، جہاں ایک ہی دن میں اس نے مزید 97 افراد کی جان لے لی۔ان ہلاکتوں کے بعد اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 463 ہو گئی ہے جبکہ کورونا کے مزید ایک ہزار 797 مریض سامنے آ گئے ہیں۔میڈیاپورٹس کے مطابق اٹلی کے وزیرِ اعظم نے پورے ملک کو لاک ڈاون کرنے کا اعلان کر دیا، اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے، جس کے بعد اٹلی کرونا کے سبب پورے ملک میں لاک ڈاؤن کرنے والا پہلاملک بن گیا ہے۔کورونا وائرس 115 ملکوں میں پھیل چکا ہے، ماہرین کے مطابق اس وقت کرہ ارض پر صرف انٹارکٹکا وہ خطہ ہے جہاں کورونا وائرس کے مریض سامنے نہیں آئے ہیں۔دنیا بھر میں کورونا وائرس کے اب تک ایک لاکھ 14 ہزار سے زائد مریض سامنے آئے ہیں، 4 ہزار سے زائد مریض ہلاک ہوئے اور 63 ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں۔چین میں کورونا وائرس سے مزید 17 ہلاکتوں کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 136 ہو گئی ہے، جبکہ 19 نئے کیس سامنے آنے کے بعد کل کیسز کی تعداد 80 ہزار 754 ہو گئی۔ایران میں کورونا وائرس سے مزید 43 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد وہاں اب تک کل ہلاکتوں کی تعداد میں 237 ہو گئی، جبکہ 595 نئے مریض سامنے آ گئے۔امریکا میں کورونا وائرس سے 22 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 717 ہو گئی، ریاست واشنگٹن کے نرسنگ مرکز میں 60 فیصد افراد کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت نکلا ہے۔امریکا میں کورونا وائرس کے پیشِ نظر بیشتر اسکولز اور جامعات سمسٹر جلد ختم کر رہی ہیں اور آن لائن کلاسز شروع کر دی گئی ہیں۔امریکا کے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کر دی، جس کے بعد ایس ای سی ملازمین کو گھروں سے کام کی اجازت دینے والا امریکا کا پہلا وفاقی ادارہ بن گیا ہے۔کورونا وائرس سے جنوبی کوریا میں 54 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ وہاں اس وائرس کے 131 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد ساڑھے 7 ہزار ہو گئی۔کورونا وائرس سے جاپان میں 16، عراق میں 7، برطانیہ میں 5، ہانگ کانگ اور آسٹریلیا میں 3، 3، فلپائن، نیدر لینڈز، سوئٹزر لینڈ، ارجنٹینا، مصر، تائیوان اور تھائی لینڈ میں ایک ایک اموات ہوئی ہیں۔فرانس میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 30 ہو گئیں جبکہ فرانسیسی وزیرِ ثقافت بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔جرمنی میں کورونا وائرس سے 2 افراد ہلاک اور متاثرہ افراد کی تعداد 1 ہزار 176 ہو گئی، کینیڈا میں اس وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے۔اسپین میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 30 ہو گئیں جبکہ اس وائرس کے کل مریضوں کی تعداد ایک ہزار 204 ہو گئی، ہسپانوی ریجن میڈریڈ میں اسکول اور جامعات 2 ہفتے کے لیے معطل کر دی گئی ہیں۔
کرونا ہلاکتیں

مزید :

صفحہ اول -