نواب آف بہاولپور کی جائیداد کی تقسیم، ورثاء کو فوری قبضہ دلانے کی ہدایت

نواب آف بہاولپور کی جائیداد کی تقسیم، ورثاء کو فوری قبضہ دلانے کی ہدایت
نواب آف بہاولپور کی جائیداد کی تقسیم، ورثاء کو فوری قبضہ دلانے کی ہدایت
کیپشن: File Photo

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بہاول پور (ویب ڈیسک) سابق نواب آف بہاولپور کی جائیداد کی تقسیم کے معاملہ میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور عملدرآمد کمیٹی کے سربراہ  نے  ڈی پی او بہاولپور اور ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو فوری قبضے ورثا ءکو دلانے کی ہدایت کردی، چولستانی متاثرین کی درخواست پر آر پی او نے پولیس کو کسی قسم کے غیرقانونی اقدامات سے روک دیا۔

 سابق نواب آف بہاولپور سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی جائیداد کی تقسیم کے حوالے سے حکومت پاکستان کی جانب سے جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر کی سربراہی میں عملدرآمد کمیٹی قائم کی گئی تھی،روزنامہ جنگ کے مطابق  کمیٹی کے سربراہ نے ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ 23ورثا ءکو فوری طور پر6667؍ ایکڑ اراضی کا قبضہ دلائیں، اور ڈی پی او بہاولپور کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ایم ڈی چولستان کی اس معاملے میں مکمل مدد کریں، منسٹری آف سٹیٹ اینڈ فرنٹیئر ریجن نے مراسلے میں کمیٹی کے ممبران کو جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر کے احکامات پر فوری عمل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

دوسری طرف ان فیصلوں سے متاثر ہونیوالے متعدد چولستانیوں نے ریجنل پولیس آفیسر کو تحریری درخواست دیدی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے  برسوں پہلے سابق نواب آف بہاولپور کے ورثا ءسے شکارگاہ میں زمینیں خریدیں اور ان کو آباد کیا اور بیس تیس برسوں سے ان اراضیوں پر ان کا جائز قبضہ ہے اور وہ اراضی ان کی ملکیت ہے، لیکن اب ان کو ناجائز قابضین ظاہر کر کے ان کی حقیقی ملکیتی اراضی سے پولیس کے ذریعے بے دخل کیا جا رہا ہے۔

 درخواست میں آر پی او بہاولپور سے استدعا کی گئی ہے کہ ان کی ملکیتی اراضی کا تحفظ فراہم کیا جائے اور متعلقہ پولیس کو ناجائز طورپر ان کی ملکیتی اراضی سے بے دخل کرانے سے روکا جائے جس پر آر پی او نے ڈی ایس پی یزمان کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی طریقے سے بھی غیرقانونی طور پر کسی پارٹی یا فرد کو ناجائز طور پر ہراساں نہ کیا جائے۔

مزید :

رئیل سٹیٹ -