سلمان خان اور شاہ رخ خان کے بعد بالی ووڈ کے ایک اور ’’خان‘‘ کو دھمکیاں ملنے کا انکشاف
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کرینہ کپور سے شادی کے وقت قتل کی دھمکی دی گئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیف علی خان نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں کرینہ کپور سے شادی کے وقت جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی اور اس حوالے سے اداکارہ کے والد رندھیر کپور کو گمنام خطوط بھی ملے تھے جن میں شادی کی جگہ کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔
سیف علی خان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کو ہماری شادی پسند نہیں آئی اور میرے سسر کو گمنام خطوط ملے جن میں ہمارے خاندان کو نقصان پہنچانے کا کہا گیا اور یہ بھی کہا گیا کہ شادی کی جگہ کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ سیف علی خان اور بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کی شادی اکتوبر 2012 میں ہوئی تھی اور ان کے 2بچے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان ہیں۔