آج سے 17نومبرتک مارکیٹیں اور بیرونی سرگرمیاں رات 8بجے بند ہونگی،نوٹیفکیشن جاری
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سموگ کے پیش نظر بیرونی سرگرمیوں پرپابندی عائدکر دی گئی،جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق نوٹیفکیشن کے مطابق آج سے 17نومبرتک مارکیٹیں اور بیرونی سرگرمیاں رات 8بجے بند ہونگی،ہر قسم کے کھیلوں، نمائشوں اور تقریبات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8بجے بند ہوں گے،ریسٹورنٹس کی ڈائننگ پر بھی پابندی عائد، مذہبی اجتماعات مستثنیٰ ہونگے،اس کے علاوہ میڈیکل سٹورز، لیبارٹریز، پیٹرول پمپس اور کریانہ سٹورز مستثنیٰ ہونگے،بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز میں صرف گروسری اور میڈیکل سیکشن کھلے رہیں گے،خلاف ورزی پر پنجاب انوائرمینٹل پروٹیکشن ایکٹ 1997کے تحت کارروائی ہوگی، احکامات کی خلاف ورزی پر دفعہ 188کے تحت سزا دی جائے گی۔
ادھرڈی سی لاہور نے عوا م سے سموگ کے دوران احتیاطی تدابیر کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ شہری غیرضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔