ازبکستان میں ” تاشقند اردو “کے نام سے میڈیا پلیٹ فارم بنانے کا اعلان کردیا گیا
تاشقند (بیورو رپورٹ ) ازبکستان میں ” تاشقند اردو “ کے نام سے میڈیا پلیٹ فارم بنانے کا اعلان کردیا گیا ۔ ازبکستان اور دنیا بھر کی خبریں اب اردو زبان میں نشر ہوں گی ۔ اس کے چیئرمین ذبیح اللہ بلگن اور پریزیڈنٹ راشد محمود نے تاشقند میں ازبک اردو کمیونٹی کے ساتھ مل کر اس امر کا باقاعدہ اعلان کیا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ذبیح اللہ بلگن نے کہا کہ ہم اس میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے دنیا بھر میں موجود تئیس کروڑ اردو بولنے والوں تک ازبکستان اور پاکستان کا مثبت تعارف اور روشن چہرہ پہنچانا چاہتے ہیں ۔ہم جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اور انتہائی پیشہ ور ماہرین کی ٹیم کے ساتھ میدان صحافت میں اترے ہیں ۔ بہت جلد اس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا ہم پاکستانی صحافیوں کو ازبکستان اور ازبک صحافیوں کو پاکستان کے دورے کروائیں گے تاکہ دونوں ممالک کے لوگوں کو قریب آنے کا موقع مل سکے ۔
“تاشقند اردو “ کے صدر راشد محمود نے کہا ازبکستان میں بہت کمی محسوس کی جارہی تھی کہ اردو کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے اور ازبکستان کی خبریں اردو زبان میں ترجمہ ہو کر دنیا بھر میں اردو بولنے والوں تک رسائی حاصل کریں ۔
اس موقع پر پروفیسر شرف مرزائیو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ازبکستان کے مقامی لوگ جو اردو بول اور سمجھ سکتے ہیں ، کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں ۔ پاکستان ایمبیسی کے اسسٹنٹ کونسلر عامر گورایئہ نے کہا پاکستان ایمبیسی ہر قسم کا تعاون کرے گی ، یہ اقدام خوش آئند ہے ۔ اس موقع پر پروفیسر بختیار ، پروفیسر امیدہ ، پروفیسر مغیرہ ، پروفیسر ناظمہ پروفیسر نجیدہ سمیت صحافتی برادری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔