آئی ایم ایف وفد پاکستان پہنچ گیا، معاشی اہداف سے متعلق بریفنگ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )آئی ایم ایف وفد پاکستان پہنچ گیا، معاشی ٹیم کا آئی ایم ایف مشن کیساتھ تعارفی سیشن کے بعد معاشی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرمملکت برائے خزانہ نے وفد کو معاشی صورتحال پر بریف کیا۔ آئی ایم ایف وفد رپورٹ کا جائزہ لیکر متعلقہ وزارتوں سے مذاکرات کرے گا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وفد کیساتھ تعارفی سیشن میں معاشی اہداف پر رپورٹ جمع کرائی گئی۔ تعارفی سیشن میں وزارت خزانہ، ایف بی آر، سٹیٹ بینک حکام شریک ہوئے ہیں۔
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران معاشی اہداف پر وفد کو بریف کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آرکے جولائی سے ستمبر تک محصولات اہداف پر وفد کو آگاہ کیا گیا، آئی ایم ایف وفد رپورٹ کا جائزہ لیکر متعلقہ وزارتوں سے مذاکرات کرے گا۔
بات چیت میں آئی ایم ایف کو رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی رپورٹ پیش کی جائے گی اور ٹیکس وصولیوں سے متعلق آگاہ کیا جائے گا، آئی ایم ایف کو ایکسٹرنل فنانسنگ سے متعلق بھی بتایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد کی قیادت مشن چیف نیتھن پورٹر کریں گے، وزارت خزانہ، ایف بی آر اور سٹیٹ بینک حکام بھی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات 15 نومبر تک جاری رہیں گے۔