خفیہ میٹنگ کی خبر چھاپنے والے ”ڈان“ کے رپورٹر کا نام ای سی ایل میں شامل
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت داخلہ نے خفیہ میٹنگ میں ڈی جی آئی ایس آئی اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان گفتگو سے متعلق خبر شائع کرنے والے انگریزی روزنامہ ”ڈان“ کے رپورٹر سرل المائڈا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا ہے۔ رپورٹر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں نام ای سی ایل میں شامل کئے جانے کی تصدیق کی ۔ سرل المائڈاکے مطابق انہیں بتایا گیا ہے اور شواہد بھی دکھائے گئے ہیں کہ ان کا نام ای سی ایل میں شامل کردیا گیا ہے.
ایک اور ٹویٹ میں انھوں نے لکھا کہ پاکستان ان کا گھر ہے اور ان کا کہیں بھی جانے کا ارادہ نہیں۔رپورٹر کا کہنا تھا کہ بہت سی ایسی چیزیں ہیں جنہیں وہ بھلا نہیں سکیں گے،وہ بہت افسردہ بھی ہیں ۔سرل المائڈا نے سات اکتوبر کو خبر دی تھی کہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں سول اور فوجی قیادت کے درمیان دہشت گرد تنظیموں سے نمٹنے کے معاملے پر اختلافات سامنے آئے تھےتاہم حکومت کی جانب سے اس خبر کی متعدد بار سختی سے تردید کی گئی ہے۔صحافتی حلقوں میں ایک صحافی کانام ای سی ایل میں ڈالنے پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔