مولانا عادل خان کراچی میں سپرد خاک، نماز جنازہ میں سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی شرکت
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر عادل خان کو کراچی میں سپردخاک کر دیا گیا، نماز جنازہ جامعہ فاروقیہ میں ادا کی گئی جس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ معتقدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مولانا عادل خان کی نماز جنازہ بڑے بھائی مولانا عبید اللہ خالد نے پڑھائی، مولانا رفیع عثمانی، مولانا قاری محمد حنیف جالندھری ،مولانا عبدالغفور حیدری، شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی، مولانا راشد محمودبھی شریک ہوئے،مولاناعادل خان کی ان کے والد مولانا سلیم اللہ خان کے پہلو میں تدفین کی گئی ۔
واضح رہے کہ مولانا ڈاکٹر عادل خان کو گزشتہ رات کو کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں اس وقت ٹارگٹ کلنگ میں گولیاں مار کر شہید کیا گیا، جب وہ اپنی ڈبل کیبن گاڑی میں ڈرائیور کے ہمراہ دکان کے باہر رکے۔
وہ وفاق المدارس کے سربراہ مولانا سلیم اللہ خان کے صاحبزادے، مہتمم جامعہ فاروقیہ کراچی اور رکن مجلس عاملہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان بھی تھے،واقعہ کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔